مردم شماری عملے کے رکن نے موبائل فون چھیننے کی جھوٹی اطلاع دی، گرفتار کرلیاگیا
پولیس نے موبائل فون چھیننے کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گزشتہ روز ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہوا، تو کراچی کے علاقے لانڈھی سے اطلاع ملی کہ نامعلوم ملزمان نے مردم شماری کے عملے سے موبائل فون چھینا اور فرار ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اور حکام نے بتایا کہ خانہ شماری کے عملے کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، تاہم متاثرہ شخص نے جہاں واردات کی خبر دی ہے وہ اس علاقے میں اکیلا موجود تھا، شاید اسی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔
کراچی میں خانہ شماری: ملزمان عملے سے موبائل فون چھین کر فرار
دوسری جانب موبائل فون چھن جانے کی خبر دینے والے مردم شماری کے عملے کے اہلکار محمد سہیل کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، اور ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ روز موبائل فون چھننے کی جھوٹی اطلاع اسی نے دی تھی۔
ملزم محمد سہیل نے اپنے بیان میں بتایا کہ مردم شماری کےعملے کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی، اور بعض علاقوں میں شہری عملے سے تعاون نہیں کررہے، شہریوں کےعدم تعاون سے گھبرا کر لوٹ مار کی واردات کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق موبائل فون چھیننے کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور پولیس نے حقائق سامنے آنے پر اسے لاک اپ کردیا ہے۔
Comments are closed on this story.