Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’ملک جل رہا ہے اور سارہ بال کٹوا رہی ہے!‘ اسرائیلی بپھرگئے

پولیس نے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی اہلیہ کو ڈرامائی اندازمیں بچالیا
شائع 02 مارچ 2023 03:16pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

اسرائیلی پولیس نے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو کو حکومت مخالف مظاہرین کے گھیرے میں لیے جانے والے ہیئرسیلون میں جاری کشیدگی سے ڈرامائی طور پربچالیا۔

سارہ نیتن یاہوکئی گھنٹوں تک ہیئرسیلون میں پھنسی رہیں جب ان کے شوہر کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے مظاہرین نے انہیں وہاں دیکھ کر گھیرلیا تھا۔

نیتن یاہو کی جانب سے اسرائیلی عدلیہ تبدیل کرنے اورملک کی سپریم کورٹ کو کمزور کرنے کے منصوبے کیخلاف ملک بھرمیں ہزاروں افراد نے ’قومی تعطل کا دن‘ منایا۔نیتن یاہو کے اس منصوبے کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور بین الاقوامی اتحادیوں کی جانب سے بھی نیتن یاہوسے ہاتھ ہلکا رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مظاہرین اورپولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے باوجود سارہ نے اسرائیلی دارالحکومت کے ایک سیلون میں اپنے بال کٹوانے کا فیصلہ کیا جو انہیں مہنگا پڑا کیونکہ مظاہرین کے ایک ہجوم نے انہیں دیکھ کرعمارت کو گھیر لیا اورنعرے لگائے، ’ملک جل رہا ہے اور سارہ بال کٹوا رہی ہے۔‘

وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکڑوں افراد سیلون کی عمارت کے باہر چیختے ہوئے ہارن بجا رہے ہیں۔

پولیس نے کئی گھنٹوں کے بعد اعلان کیا کہ انہوں نے مسزنیتن یاہو کوکامیابی کے ساتھ ’بچا‘ لیا ہے اورانہیں بھاری مسلح پہرے میں گاڑی میں لے جایا گیا ہے۔ ویڈیوزمیں انہیں گاڑی میں لے جاتے ہوئے دیکھاجا سکتا ہے جو فوری طور پرگاڑی میں بیٹھیں اورہجوم ’شرم کرو‘ کے نعرے لگا رہا تھا۔

بعد ازاں نیتن یاہو نے اپنی اہلیہ کو گلے لگاتے ہوئے ایک تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحفاظت گھرواپس آ گئی ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے لکھا کہ، ’انتشارکو روکنا ہوگا۔ اس سے جانی نقصان ہوسکتاہے۔‘

نیتن یاہو اور ان کے اتحادی، جوانتہائی قدامت پسند اور سخت گیر قوم پرست جماعتوں کا مجموعہ ہیں، کا کہنا ہے کہ غیر منتخب ججوں کے اختیارات پر قابو پانے کے لیے اس منصوبے کی ضرورت ہے۔

ناقدین کے مطابق نیتن یاہو جن پر بدعنوانی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے، عدالتی نظام کے خلاف ذاتی بغض رکھتے ہیں اور ملک کو آمریت کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

نیتن یاہو کو عام اسرائیلیوں کے ساتھ رابطے سے باہر رہنے اور ٹیکس دہندگان کے خرچ پر پرتعیش طرز زندگی گزارنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

Benjamin Netanyahu

Israeli PM Netanyahu

Sara Netanyahu