Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بہارہ کہو میں ایک ہی ہفتے میں زیر تعمیر پل کا دوسرا پلر گر گیا

حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
شائع 02 مارچ 2023 01:34pm
فوٹو۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں زیر تعمیر پل کا پلر گرگیا ایک ہی ہفتے میں اس زیر تعمیر منصوبے پر پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق پولیس سمیت دیگرریسکیو ادارے موقع پرموجود ہیں، چھوٹی ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک اہلکاربھی موجود ہیں ۔

سی ڈی اے ذرائع کے مطابق اعلی حکام نے 23 مارچ تک منصوبے کی تکمیل کی تاریخ دی ہے جبکہ سی ڈی اے نے منصوبے کی تکمیل کے لئے اپریل تک کا وقت مانگا ہے، منصوبے کی تکمیل کے لئے 24 گھنٹے کام کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ بہارہ کہو بائی پاس منصوبے پر گزشتہ 5 ماہ سے کام جاری ہے، ایک ہی ہفتے میں بہارہ کہو میں زیر تعمیر فلائی اوور پر پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے، 25 فروری کو بھی زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے دو مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹریلر کی پلر کو ٹکر سے شٹرنگ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 30 ستمبر 2022 کو بہارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 اعشایہ 4 کلو میٹر طویل منصوبےکو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، منصوبہ تیار کرنے والی کمپنی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کرے، ایسے منصوبے 3 ماہ کے بجائے ڈیرھ میں ماہ مکمل ہوتے رہے ہیں۔

اسلام آباد

bhara kahu bypass project