Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہی خاندان نے ہیری اور میگھن سے ’فرگمورکاٹیج‘ چھین لیا

ونڈسرہاؤس میں واقع رہائشگاہ اینڈریو کو دینے کی اطلاعات
شائع 02 مارچ 2023 11:16am
تصویر: ہارپر بازار
تصویر: ہارپر بازار

شاہی خاندان کو خیرباد کہنے والے برطانوی شہزادے ہیری اوران کی اہلیہ میگھن کو ونڈسرہاؤس میں واقع ان کے گھر’فرگمور کاٹیج’ سے بےدخل کردیا گیا۔

برطانوی پریس رپورٹس کے مطابق بدھ برطانوی شاہی خاندان کے ونڈسرہاؤس میں واقع گھرسے ہیری اور میگھن کو بے دخل کیے جانے کے بعد اب یہ جوڑ برطانیہ میں کسی بھی رہائش سے محروم ہوگیا ہے۔

ہیری اور میگھن کو کہ گھر 2018 میں ان کی شادی کے موقع پر ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے تحفے میں ملا تھا جس کی دونوں نے 2.4 ملین پاؤنڈز خرچ کر کے تزئین وآرائش بھی کروائی تھی۔

دی سن اور ڈیلی ٹیلی گراف اخبارات کے مطابق یہ کاٹیج کنگ چارلس سوم کے بھائی شہزادہ اینڈریو کو دیا گیاہے۔

ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس کہلائے جانے والے شہزادہ ہیری اورمیگھن کو جنوری میں شہزادے ہیری کی یادداشتوں پرمبنی کتاب ’سپیئر‘ کی اشاعت کے چند دن بعد انہیں یہ گھرخالی کرنے کا کہہ دیا گیا تھا۔

چارلس نے شاہی خاندان سے وابستہ اخراجات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور فی الحال خاندانی مالیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اینڈریو کے لیے سالانہ 2 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کی گرانٹ کی منسوخی سے انہیں 30 کمروں پرمشتمل رائل لاج ونڈسرہاؤس میں موجودہ رہائشگاہ چھوڑنا پڑسکتی ہے کیونکہ اس گھر کی دیکھ بھال کے اخراجات بہت زیادہ ہیں۔ اینڈریو کو آنجہانی مالیاتی ماہرجیفری ایپسٹین سے دوستی کی وجہ سے عوامی زندگی چھوڑنے پرمجبورکیا گیا تھا جو جنسی زیادتی کے مقدمات میں سزا یافتہ تھے ۔

واضح رہے کہ ہیری اور ان کی امریکی نژاد سیاہ فام اداکارہ میگھن مارکل نے اپریل 2020 میں شاہی حیثیت سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مالی طور پرخود مختار ہونے کیلئے کام کریں گے۔

دونوں نے کیلیفورنیا منتقلی کے بعد معروف میزبان اوپرا ونفری کے ساتھ انٹرویو سے لے کر نیٹ فلیکس پردستاویزی فلم تک کئی منصوبوں میں حصہ لیا اورشاہی خاندان کی جانب سے اپنے ساتھ بدسلوکی کی شکایت کرتے رہے۔

اس تابوت میں نئی کیل جنوری میں ہیری کی سوانح حیات ’سپیئر‘ کی اشاعت سے ٹھوکی گئی، کتاب نے فروخت کے ریکارڈ توڑ دیے لیکن شکایتوں کا پلندہ کھولنے والے ہیری کی مقبولیت میں کمی دیکھی گئی۔

British Royal Family

Meghan

Prince Harry