Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہیپی برتھ ڈے لالا: شاہد آفریدی کی سالگرہ ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

فالوورز کی پسندیدہ کھلاڑی کو مبارکباد اورنیک خواہشات کااظہار
شائع 01 مارچ 2023 01:58pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی 43 برس کے ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر بوم بوم آفریدی کی سالگرہ ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔

سوشل میڈیا پر آفریدی کے پرستاروں کی بڑی تعداد نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔

آفریدی کے پرستاروں نے ان کی بیٹنگ کے دلکش لمحات کی ویڈیوز شیئرکیں۔

شاہد خان آفریدی کے کریئر کے حوالے سے رپورٹ

کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے دھوم مچانے والے شاہدخان آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے۔

شاہد آفریدی نے 2 اکتوبر 1996 کو کینیا کے خلاف ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا، اس میچ میں انہیں بیٹنگ کا موقع نہ ملا، بولنگ میں بھی وہ کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔

سریز میں سری لنکا کے خلاف اگلے ہی میچ میں شاہد آفریدی نے اپنی پہلی ہی اننگز میں 37 گیندوں پر سنچری بنا کر ورلڈ ریکارڈ بنا دیا اور 102 رنز کی دھواں دار اس اننگز میں بوم بوم آفریدی 11 چھکے لگا کر کرکٹ کی دنیا پر چھا گئے۔

شاہد خان آفریدی نے 398 ایک روزہ میچز کھیل کر 8 ہزار 64 رنز بنائے جن میں 6 سینچریاں اور 39 نصف سینچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور124رہا۔

ایک روز میچز میں شاہد خان آفریدی نے 395 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

بوم بوم آفریدی نے 99 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جن میں 4 نصف سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 415 رنز بنائے۔

لالہ نے ٹی ٹوئنٹی میں 98 وکٹیں بھی اڑائیں، سال 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان نے شاہد آفریدی کی بہترین بیٹنگ کی وجہ سے ہی جیتا۔

شاہد آفریدی کا ٹیسٹ ڈیبیو 1998 میں کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف ہوا، وہ بیٹنگ میں پہلا ٹیسٹ یادگار نہ بنا سکے مگر بولنگ میں پہلی ہی اننگز میں 5 وکٹ اڑانے کا کارنامہ انجام دیا۔

شاہد آفریدی کا ٹیسٹ کریئرصرف 27 میچز تک محدود رہا، جن میں انہوں نے 5 سنچریز اور 8 نصف سنچریز کی مدد سے 1716 رنز بنائے جبکہ ان کا بہترین اسکور 156 رہا۔

بات کی جائے پاکستان سپر لیگ کی تو پی ایس ایل کے سیزن 7 میں شاہد آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلا ، 2 ماہ پہلے شاہد آفریدی نے پی سی بی میں مختصر عرصہ کے لئے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری بھی انجام دی۔

بوم بوم شاہد آفریدی کا کریئر کئی تنازعات کا بھی شکار رہا لیکن ان کے پرستاروں کی تعداد کم نہ ہوئی۔

karachi

Shahid Afridi

birthday

former pakistani crickters