Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

عدالت نے مقدمے کے فیصلے تک تعیناتوں پر حکم امتناع جاری کردیا
شائع 01 مارچ 2023 12:37pm
سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

سپریم کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا۔عدالت نے مقدمے کے فیصلے تک تعیناتوں پر حکم امتناع جاری کیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی کے خلاف وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست پرسماعت کی، اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وفاقی حکومت نے جواب دینے کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی، وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل کونوٹس جاری

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے وکیل مخدوم علی خان نے وقت مانگنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے مقدمہ زیر التواء ہے، کیس عدالت میں ہے پھر بھی ججز تعیناتیاں کی جا رہی ہیں۔

جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا وزیراعلیٰ کی ایڈوائس ججز تعیناتی میں ضروری ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس نقطے پر تفصیلی دلائل دوں گا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ ایک دو ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا، ججز چارج سنبھال چکے ہیں انہیں نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پر طے کریں گے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ ججز کو نوٹس کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ جی بی میں ججز تعینات کون کرتا ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ججز تعیناتی وزیراعظم پاکستان کرتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی سے روک دیا اور مقدمے کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کردیا۔

عدالت نے گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ میں تعینات ججز کو بذریعہ رجسٹرار نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ججز تعیناتی کے خلاف وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

gilgit biltistan

اسلام آباد

Supreme Court of Pakistan

judges

PM Shehbaz Sharif