عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں ایک اور مقدمہ درج
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے بعد توڑ پھوڑ کرنے پر پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 20 رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا میں کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
مقدمے میں دہشت گردی سمیت 6 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ عمران خان ہجوم نما مشتعل لشکر کو لے کر جوڈیشل کمپلکس پہنچے، کارکنان نے ہاتھوں میں اسلحہ، ڈنڈے اور جھنڈے پکڑ رکھے تھے، ہجوم نےاحاطہ عدالت میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے لوگوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
مقدے میں مزید کہا گیا کہ مشتعل ہجوم نے سی سی ٹی وی کیمروں، بینچز سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچنے پر بھی مشتعل ہجوم اسلحہ لہراتا رکاوٹیں توڑ کر اندر داخل ہوا، مقدمے میں شہزاد وسیم، شبلی فراز، مراد سعید ، علی نواز اعوان، عامرکیانی، فرخ حبیب، غلام سرور خان اور حماد اظہر کے نام بھی شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.