Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

رنبیر کپور اب کشور کمار بنیں گے

رنبیر ان دنوں 'تو جھوٹی میں مکار' کی پروموشن میں مصروف ہیں
شائع 28 فروری 2023 09:57pm

بالی ووڈ کے سپر اسٹار رنبیر کپور لیجنڈری بھارتی گلوکار کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’تو جھوٹی میں مکار‘ کی پروموشن کے دوران بالی ووڈ اداکار سے پوچھا گیا کہ کیا وہ واقعی اپنی اگلی فلم میں گنگولی کا کردار ادا کر رہے ہیں؟ اس پر اداکار نے واضح کیا کہ ابھی تک ان سے اس حوالے سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

تاہم رنبیر کپور نے انکشاف کیا کہ وہ آنجہانی لیجنڈری بھارتی گلوکار و اداکار کشورکمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

انہوں نےکہا کہ کشور کمار کی زندگی پر بننے والی فلم پر پچھلے 11 سال سے کام جاری ہے جس کی ہدایتکاری انوراگ باسو کریں گے۔

رنبیر کپور نے کہا کہ گزشتہ 11 سال سے کشور کمار کی بائیوپک پر کام کر رہا ہوں اور امید ہے وہ جلد مکمل ہوگی۔

رنبیر کپور کے حوالے سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کریں گے۔

واضح رہے کہ رنبیر نے اس سے قبل سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں اداکاری کی تھی جسے کافی پسند کیا گیا تھا۔

ranbir kapoor

Kishore kumar