Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جیل بھرو تحریک کا ساتواں روز، ساہیوال میں 100 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری

گرفتاری دینے والوں میں مرتضیٰ اقبال، انوار الحق رامے، غلام سرور شامل
شائع 28 فروری 2023 09:50pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اۤئی) کی جیل بھرو تحریک کے ساتویں روز ساہیوال میں 100 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں نے گرفتاریاں پیش کیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی 22 فروری کو شروع ہونے والی جیل بھرو تحریک کے ساتویں روز ساہیوال میں گرفتاریاں دی گئیں۔

ساہیوال میں پی ٹی اۤئی کارکنوں نے ریلی نکالی اور ڈی پی او آفس چوک پہنچ کر احتجاج کیا۔ کارکنوں نے عمران خان کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

تحریک کے دوران سابق ایم این ایز رائے مرتضیٰ اقبال، انوار الحق رامے،سابق ایم پی اے غلام سرور اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے گرفتاریاں دیں۔ ساہیوال پولیس کی پانچ قیدی وینز تحریک انصاف کے کارکنوں کو لیکر جیل روانہ ہوئیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ساہیوال کے کارکنوں کی مبارکباد بھی پیش کی۔

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے لئے پولیس نے بھی پیشگی انتظامات کرتے ہوئے قیدیوں کی 10 وین منگوائی تھیں۔ ڈی ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ وہ ہرصورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائےگا۔

جیل بھرو تحریک کا چھٹا روز

جیل بھرو تحریک کےلئے سرگودھا میں کپتان کے کھلاڑی بڑی تعداد میں گھروں سے نکلے۔ کارکنوں نے پارٹی قیادت اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ کارکن گرفتاری کے لئے اۤنے والی پولیس وین پر چڑھ گئے اور 75 سے زائد افراد نے گرفتاری پیش کی۔

گرفتاری دینے والوں میں پی پی 76 کے امیدوار مہرمحسن رضا سمیت عنصرہرل، نذیرسوبھی، ذوالفقارباجوہ، امداد اللہ، عنصرمجید،علی اصغرلاہڑی، فیصل فاروق چیمہ ، فاروق بہاوالحق، بشریٰ سکندربھٹی شامل تھے۔

سرگودھا پولیس نے زیرحراست کارکنوں کوتھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن منتقل کیا۔

جیل بھرو تحریک کا پانچواں روز

تحریک کے پانچویں روز پی ٹی اۤئی کے کارکنان نے گوجرانوالہ میں گرفتاریاں دیں۔ بڑی تعداد میں کپتان کے کھلاڑی سڑکوں پر اۤئے اور جیل کے سامنے کھڑی قیدی وینوں پر چڑھ گے۔ پی ٹی اۤئی کارکنوں نے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی بھی کی اور ہاتھ بلند کرکے وکٹری کا نشان بھی بنایا۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے رضاکا رانہ طور پر گرفتاری دی۔ جس کے بعد پولیس کارکنوں سے بھری قیدی وین کو لے کر روانہ ہوگئے۔

گوجرانوالہ میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

گوجرانوالہ میں جیل بھرو تحریک کی قیادت پی ٹی آئی کی صوبائی صدر یاسمین راشد نے کی۔ یاسمین راشد کے لاہور روانہ ہونے کے بعد کارکن پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف نے 22 فروری کو جیل بھرو تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا۔ گوجرانولہ سے قبل لاہور، پشاور، راولپنڈی اور ملتان میں بھی جیل بھرو تحریک کے لیے قائدین اور کارکنان گرفتاریاں دینے کے لیے جمع ہوتے رہے ہیں۔

جیل بھرو تحریک میں اب تک پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، مراد راس، سینیٹر ولید اقبال، عمر سرفراز شیمہ ، محمد مدنی اور دیگر گرفتاریاں دے چکے ہیں۔

imran khan

Punjab police

Jail Bharo Tehreek