Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جوڈیشل کمپلیکس حملے پر عمران خان سمیت سب کو گرفتار کیا جائے گا، وزیر داخلہ

ملوث افراد کی سی سی ٹی وی کے ذریعے شناخت کی جا رہی ہے، رانا ثناء اللہ
اپ ڈیٹ 28 فروری 2023 10:52pm
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ۔ فوٹو — فائل
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کرنے پر عمران خان سمیت سب کو گرفتار کیا جائے گا۔

ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ عدالتی نظام کو یرغمال بنانے اور من مرضی کے فیصلے کرانے کی سازش ہے، ایک شخص نے مسلح گروہ کے ہمراہ عدالتی نظام کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جس کے پاس فارن فنڈنگ اور نہ ہی توشہ خانہ سے اربوں کی چوری کا جواب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، ملوث افراد کی سی سی ٹی وی کے ذریعے شناخت کی جا رہی ہے اور اس مقدمے میں عمران خان سمیت سب کو گرفتار کیا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو ایسا کرنے کی ترغیب، اس کو دی جانے والی اسپیشل ٹریٹمنٹ کا نتیجہ ہے، معزز عدلیہ کو ان قانون شکنوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عدلیہ کی عزت و تکریم کا معاملہ ہے، اس میں کسی صورت نرمی نہ برتی جائے گی، قانون کا احترام نہ کرنے اور غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل ساہیوال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھی رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں عمران خان کو اسپیشل ٹریٹمنٹ دیا جا رہا ہے، عام آدمی کو اپنے مقدمات کی سماعت کے لئے کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے، مگر یہاں تو عدالتیں عمران خان کا انتظار کرتی ہیں۔

imran khan

Rana Sanaullah

judicial complex