Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک

سپاہی عمران اللہ اور افضل خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 27 فروری 2023 03:00pm

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے، جن میں باجوڑ کے 25 سالہ سپاہی عمران اللہ اور اپر دیر کے 21 سالہ سپاہی افضال خان شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

شمالی وزیرستان میں سپاہیوں کی شہادت، وزیراعظم کا خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں شہید سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کی راہ میں آہنی دیوار ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

security forces

wazirstan