Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ماہر تعلیم خالد رضا کے قتل میں دشمن ملک کے ملوث ہونے کا امکان

ممکنہ طور پر دشمن ملک نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے واردات کی، تفتیشی ذرائع
اپ ڈیٹ 27 فروری 2023 02:52pm
فیڈریشن آف  پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین سید خالد رضا - تصویر/ سوشل میڈیا
فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین سید خالد رضا - تصویر/ سوشل میڈیا

فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین سید خالد رضا کے قتل میں دشمن ملک کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

گزشتہ رات گلستان جوہر میں فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین خالد رضا کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے قتل کردیا تھا۔ واقعہ ان کے گھر کے باہر گلستان جوہر بلاک 7 میں پیش آیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر دشمن ملک نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے خالد رضا کے قتل کی واردات کی، اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ممکنہ طور پر سہولت کاری قوم پرست تنظیم کے کارندوں نے انجام دی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان تربیت یافتہ تھے، اور انہوں نے ایک ہی گولی سر پر مار کر ٹارگٹ کیا، اور اس واردت کے لیے نیا اسلحہ استعمال کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا، ملزمان گھر کے قریب گھات لگائے انتظار کررہے تھے جیسے ہی سید خالد رضا گھر سے نکل کر گاڑی کے قریب پہنچے، تو ملزمان نے قریب پہنچ کر شناخت کرنے پر فائرنگ کردی۔

خالد رضا کے بھائی تنویر کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی گھر سے نکل رہے تھے انہیں سالگرہ کی ایک تقریب میں جانا تھا اسی دوران نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پر آئے اور ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ان کے سر میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی آج نیوز کو موصول ہوگئی ہے جس میں موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

مقتول ماہرتعلیم خالد رضا کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے جمع کیے گئے شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں، اہلخانہ مقدمے کے اندراج کے لیے نمازجنازہ کے بعد رابطہ کریں گے، فائرنگ سے قبل کسی قسم کی لوٹ مار نہیں کی گئی۔

اہلخانہ کے مطابق خالد رضا کی نمازجنازہ آج بعد نمازظہرگلستان جوہرمیں اداکی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ نے سید خالد رضا کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ خالدرضافیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولزپاکستان کےوائس چیئرمین تھے۔

ماہرتعلیم خالد رضا کی نمازجنازہ ادا کردی

ماہرتعلیم خالد رضا کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں اہل علاقہ، شعبہ تدریس سے تعلق رکھنے والےافراد کی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نمازجنازہ حافظ نعیم الرحمان نے پڑھائی جبکہ نائب امیراسداللہ بھٹو، حسین محنتی محنتی بھی شریک تھے۔

سندھ بھر میں آج تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے

کراچی میں آل اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے آج تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔

طارق شاہ چئیرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج تمام پرائیویٹ اسکولز یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

طارق شاہ کا کہنا تھا کہ تمام اسکولز میں اسمبلی کے بعد خصوصی دعا بھی کی جائے گی۔

CM Sindh

Sindh Police

Khalid Raza Murder