Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

دہرے نظام عدل میں عمران خان کو سہولتکاری حاصل ہے، عطاتارڑ

معاون خصوصی وزیراعظم کا عثمان ڈار کے پی اے کے اقبالی بیان پر ازخود نوٹس کا مطالبہ
شائع 26 فروری 2023 03:14pm

معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ دہرے نظام عدل میں عمران خان کو سہولتکاری حاصل ہے، اسی وجہ سے اس کی اتنی ہمت ہوگئی کہ مجرموں کو ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کرتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان اب ملزمان کو ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کررہے ہیں، آپ نے بیٹی کیس اور توشہ خانہ کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے، اتنی منافقت اور دھوکا کسی لیڈر میں نہیں دیکھی، اس قوم سے مذاق کرنا چھوڑ دیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دو جج صاحبان پر تحریری طور پر اعتراض جمع کرادیا ہے، انہیں اب بینچ میں نہیں بیٹھنا چاہئے، یہ کیوں ضد ہے کہ یہ 2 بیٹھیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ قاضی فائز عیسی سے اور کچھ، اور آپ سے کچھ اور سلوک ہو، آپ نے صفائی دینی ہے تو سپریم جوڈیشل کونسل میں دیں، یہ خاندانی ذرائع کیا ہوتے ہیں، ایک کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیں، اور دوسرے کو بیٹی چھپانے پر بھی نہ نکالیں۔

پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے پی اے کا ایک اور اقبالی بیان سامنے آگیا

معاون خصوصی نے کہا کہ چیف جسٹس عثمان ڈار کے پی اے کے اقبالی بیان پر ازخود نوٹس لیں، عمران خان انہیں ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کرتے ہیں، فخر سے کہتا ہے کہ ہمارے ووٹرز اپنےباپ کی اتنی بات نہیں سنتے، کہہ رہا ہےکہ والدین کی بات نہ مانو، یہ عدلیہ کو بھی آنکھیں دکھاتا ہے، کوئی اس سے باز پرس نہیں کرتا، یہ نہیں ہوسکتا کہ کچھ لوگوں کو سہولت دیں اور سمجھیں کہ ان کے احکامات مانے جائیں، باربار سہولتکاری کیسے چلے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ میں بہت کمزور آدمی ہوں، میرے پاس صرف زبان ہی ہے، اسے بھی تالے لگادوں، دہرے نظام عدل میں عمران خان کو سہولتکاری حاصل ہے، اسی وجہ سے عمران خان کی اتنی ہمت ہوگئی کہ مجرموں کو ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کرتا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہور ڈوگر نے کس بیوہ کے پلاٹ پر قبضہ کیا، آپ بہتر جانتے ہیں، کچھ لوگ کچھ لوگوں کی سہولت کاری کرتے ہیں، آپ کے اثاثوں کے معاملات ہیں، ہم نہیں سمجھتے کہ آپ ایماندار آدمی ہیں، آپ خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔

imran khan

Atta Tarrar