Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے باڑوں میں غیرمقامی ڈکیتوں کی موجودگی کا انکشاف

2 ماہ میں7 ڈیری فارمرز کے مویشی اسلحہ کے زور پر چھینے گئے
اپ ڈیٹ 26 فروری 2023 04:51pm
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرزمویشی چھڑوانے کے لیے بھتہ دینے پرمجبور - تصویر/ فائل
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرزمویشی چھڑوانے کے لیے بھتہ دینے پرمجبور - تصویر/ فائل

کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ملزمان کا گینگ جانوروں کے اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈیری اینڈ کیٹل فارمرزایسوسی ایشن کے صدر شاکر گجر کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے جرائم پیشہ افراد کراچی آرہے ہیں ۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرزایسوسی ایشن کے صدر شاکر گجر نے حکومت سے گوالوں کی رجسٹریشن کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد گوالوں کا کام کررہے ہیں۔

انھوں نے انکشاف کیا کہ ڈاکو باڑوں میں موجود ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ تمام گوالوں کی رجسٹریشن ہوجائے لیکن اس معاملے میں کسان تعاون نہیں کررہے، جانوروں کے اغوا کے مسائل حل کرنے کے بجائے کسان بھتہ دیکر مویشی واپس لینے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کسانوں کی جانب سے جانوروں کے اغوا اور ڈکیتی کے مقدمات بھی درج نہیں کروائے جاتے جو سنگین بات ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کی بھینس کالونی کے اطراف باڑوں سے گینگ وار کی جانب سے مویشیوں کو تاوان کے لئے اغوا کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈکیت گروہ کی جانب سے مویشیوں سے بھری گاڑیوں کو چھین کر واپسی کے لیے بھاری رقم کا تقاضہ کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز مویشی چھڑوانے کے لیے بھتہ دینے پرمجبور ہیں۔

گینگ نے 2 ماہ میں7 ڈیری فارمرز کے مویشی اسلحہ کے زور پر چھینے ہیں جس سے تنگ آکر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرزایسوسی ایشن نے ایڈیشنل آئی جی کو خط لکھا ہے۔

اغوا برائے تاوان کی وارداتوں سے تنگ ڈیری فارمرز نے خط میں ملزمان کو کیفر کردارتک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

karachi

Crime

Karachi Police