Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بدنام زمانہ جیل گوانتانا موبے سے مزید 2 پاکستانی شہری رہا

دونوں قیدی رہائی کے بعد پاکستان پہنچ گئے، دفترخارجہ
شائع 24 فروری 2023 09:47pm

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی جیل گوانتانا موبے سے مزید 2 پاکستانی شہری رہا ہو کر وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

بدنام زمانہ امریکی جیل گوانتانا موبے سے مزید 2 پاکستان شہری رہا ہوگئے ہیں، اور دونوں قیدی رہائی کے بعد پاکستان بھی پہنچ گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جیل گوانتانا موبے سے مزید 2 پاکستانی شہری رہا ہو کر اپنے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، اور اب صرف 32 قیدی رہ گئے ہیں جن میں سے 18 کی رہائی پر کام مکمل ہوچکا ہے۔

دوسری جانب پینٹاگون کی ویب سائٹ میں بھی بتایا گیا ہے کہ عبدالرحیم ربانی کو القاعدہ کے لیے سہولت کاری جب کہ ان کے بھائی محمد احمد غلام ربانی کو القاعدہ کے اہم رہنما کو مالی اور سفری سہولت فراہم کرنے کے الزام میں 2002 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پینٹاگون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں قیدیوں کی رہائی کا مقصد گوانتانا موبے میں قیدیوں کی تعداد میں کم کرنے کے لیے کی گئی ہے، تاکہ تمام قیدیوں کی رہائی کے بعد اس جیل کو مستقل طور پر بند کیا جاسکے۔

پینٹا گون نے پاکستان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کی تعداد کو کم کرکے گوانتاناموبے کو بند کرنے کی امریکی کوششوں کی حمایت پر حکومت پاکستان اور دیگر شراکت داروں کو سراہتے ہیں۔

America

Guantanamo Bay