Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز سمجھتی ہیں عدلیہ کوگالیاں دے کر دباؤ میں لے آئیں گی، فواد چوہدری

اگر سپریم کورٹ قاسم سوری کی رولنگ میں مداخلت نہ کرتی تو یہ حکومت نہ ہوتی، فواد چوہدری
شائع 24 فروری 2023 05:49pm

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مریم نواز سمجھتی ہیں عدلیہ کوگالیاں دے کر دباؤ میں لے آئیں گی، اگر سپریم کورٹ قاسم سوری کی رولنگ میں مداخلت نہ کرتی تو یہ حکومت نہ ہوتی۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اوراعلیٰ عدلیہ کے خلاف محاذ کھولا جا چکا ہے، پی ڈی ایم قیادت عدلیہ سے محاذ آرائی میں مصروف ہے، مریم نواز سمجھتی ہیں عدلیہ کوگالیاں دے کر دباؤ میں لے آئیں گی، دوسروں کو گالیاں دے کر اپنی کارکردگی چھپانا چاہتے ہیں، پہلے بھی مریم نواز عدلیہ کے خلاف بڑا محاذ کھول چکی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر قائم ہے، اسی عدالت نے قاسم سوری کی رولنگ کو مسترد کیا تھا، اگر عدالت عظمیٰ رولنگ میں مداخلت نہ کرتی تو یہ حکومت نہ ہوتی، لیکن ہم نےعدلیہ کے خلاف کوئی محاذ نہیں کھولا تھا، اسی اس کیس کے 5 ججز اس بی نچ میں موجود ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اعظم سواتی اور شہبازگل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، لیکن عدالت میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی، شہبازگل کیس پر عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا، یہاں پک اینڈ چوس چلتا ہے، عمران خان اور مریم نواز کیلئے قانون الگ ہے، اس وقت پوری قوم کو آڈیو ریکارڈ کرکے بلیک میل کیا جارہا ہے، ہم نے پہلے کہا تھا کہ آڈیو لیکس کا ٹرینڈ تباہ کن ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اسپیکر سپریم کورٹ کے سامنے کھڑے ہیں، آئین پر اتفاق نہ رہا تو ریاست کا وجود ختم ہو جائے گا، پوری قوم پاکستان کے آئین کا تحفظ چاہتی ہے، اور آئین کے تحفظ کیلئے ہمارے رہنما گرفتاریاں دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ ہمارے 714 افراد کوگرفتار کیا گیا اور کچھ لوگوں کو چھوڑ دیا گیا، اس وقت77 افراد زیر حراست ہیں، جنہیں اہلخانہ سے ملنے نہیں دیا جارہا، گرفتار افراد کو کپڑے اور کھانا بھیجنے کی بھی اجازت نہیں، یہ سیاسی قیدی ہیں، ہم رہائی کامطالبہ نہیں کر رہے، لیکن جیل مینول میں سیاسی قیدیوں کوان کے حقوق تو دیں، عدالتوں سے رہائی کیلئے ریلیف نہیں مانگا،عدالتوں سے پوچھا ہے کہ بتایا جائے کون کہاں ہے۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ریئل اسٹیٹ مافیا کی حکومت چل رہی ہے، محسن نقوی نے ہماری لیڈرشپ پرظلم ڈھایا ہے، ہمارے رہنماؤں کو دہشت گردوں کو طرح بسوں میں بٹھا کر دورعلاقوں میں بھیجا گیا، سیاسی قیدیوں کو جرائم پیشہ افراد کے ساتھ رکھا گیا ہے، اور جیل انتظامیہ بے بس ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ گزشتہ روز پشاور کے عوام نے تاریخ رقم کی اور ہزاروں افراد گرفتاری دینے آئے، راولپنڈی میں 81 افراد گرفتاری دے چکے ہیں، اور اس وقت وہاں جیل بچاؤ تحریک چل رہی ہے، وہاں بھی ہزاروں افرادگرفتاری دینےکیلئے تیار ہیں، اپنےعلاقوں کے حساب سے ہم سب جیل جائیں گے۔

pti

Fawad Chaudhary