Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کا چاروں صوبوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان

نوجوان قرضے واپس کرتے ہیں اور بڑے تاجر قرضے معاف کرواتے ہیں، وزیراعظم
شائع 23 فروری 2023 04:38pm

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نوجوان قرضے واپس کرتے ہیں اور بڑے تاجر قرضے معاف کرواتے ہیں، چاروں صوبوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔

اسلام آباد میں یوتھ لون اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت قرضے 2013 کا تسلسل ہے، جب سابق وزیراعظم نوازشریف نے نوجوانوں کو اربوں روپے کے قرضے تقسیم کیے، اور اس سے نوجوانوں کو بے پناہ فائدہ ہوا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا آغاز پنجاب سے ہوا تھا، ہم نے کسان بھائیوں کے لیے بلاسود قرضے دیے، ہماری سابق حکومت نے نوجوانوں کو گاڑیاں مہیا کی تھیں، ان قرضوں کی اسکیمز پر رکوری ریٹ 99 فیصد رہی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ نوجوان اپنے قرضے واپس کرتے ہیں، نوجوان قرضے معاف نہیں کرواتے، مگر بڑے تاجر معاف کرواتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بینکوں کے سربراہاں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتا ہوں، جنہوں نے وزیراعظم کے پروگرام کو کامیاب بنایا ہے، اس پروگرام کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، امید ہے کہ نوجوان ان قرضوں کو ضایع نہیں کریں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو مایوس نہیں کریں گے، ان کے لیے مواقع پیداکریں گے، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، کفایت شعاری سے امید ہے کہ 200 ارب روپے بچیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پورے پاکستان میں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم ہوں گے، اسکولوں اور کالجوں میں ہائی پرفارمنس والے طلباء کو لیپ ٹاپ ملیں گے، چاروں صوبوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، یہ لیپ ٹاپ نوجوانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ بنا ہے، میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے رہا ہوں کلاشنکوف نہیں۔

Shehbaz Sharif

PM Shehbaz Sharif