چاہے توشہ خانہ ہو، ہیروں کا لین دین یا سائفر کی سازش، آپ مجرم ہیں، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بشری بی بی پی ٹی آئی رہنماؤں کی جیبیں بھرنے کی چابی تھیں، 4 سال حکمرانی کرنے والوں نے اپنی جیبیں بھریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ضمانتیں کرانے کے بعد جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں، یہ جیل بھرو تحریک ملک کے خلاف سازش کی تحریک ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ جیل بھرو تحریک نہیں جیل بچو تحریک ہے، جیل بھرو تحریک اس لئے کہ معیشت ٹھیک ہو رہی ہے؟ 200 لوگوں کو ورغلا کر فساد کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، ملک کے خلاف خیرات کے پیسے استعمال کیے گئے، مہنگائی عمران خان کی آئی ایم ایف سے ڈیل کا نتیجہ ہے، انہوں نے آئی ایم ایف سے ڈیل کی، اب تنقید کر رہے ہیں، حکومت میں رہتے ہوئے عمران خان کو تنقید کرنا چاہیئے تھی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 4 سال میں ن لیگ کی قیادت کے خلاف ایک دھیلے کی کپشن ثابت نہیں ہوئی، قیادت کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان توشہ خانے کا چور ہے، وہ فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ میں پیش نہیں ہوتے، انہوں نے گھڑیاں بیچی ہیں، عمران خان کو چارج شیٹ کا جواب دینا ہوگا، انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، سائفر کی سازش امپورٹڈ حکومت کے بیانے سے شروع ہوئی، چاہے توشہ خانہ ہو، ہیروں کا لین دین یا سائفر کی سازش، آپ مجرم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جب بہتری آتی ہے عمران خان تماشا لگا دیتے ہیں، ان کے پاس اپنے الزامات کا کوئی جواب نہیں، گزشتہ 9 ماہ سے ملک میں سیاسی تماشا لگا ہوا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنے، عمران خان خود اپنے بیانیے کو روز دفن کرتے ہیں، ہم پی ٹی آئی کی معاشی تباہی سے نمٹنے کے لئے کوشاں ہیں، 4 سال حکمرانی کرکے اپنی جیبیں بھریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی معاشی بدحالی، بے روزگار اور مہنگائی کی ذمہ دار ہے، آج جو 70 ارب ڈالر کا اعلان ہوا اس پر تحریک ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سودا اور دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، ہر روز کیس ملتوی ہوتا ہے، نوٹس دیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ لوٹ مار بچانے کے لئے گھریلو خاتون کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے، اگر یہ گھریلو خاتون ہیں تو بتائیں توشہ خانہ سے چوری نہیں کی، بشریٰ بی بی کو نوٹس ملنے پر شور مچایا جا رہا ہے، سوال پوچھو تو کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنی گالہ کو کرپشن کا مرکز بنایا ہوا ہے، گھریلو خاتون نے سیاسی تقرری کی، بریف کیس آتے رہے اور گھریلو خاتون وصول کرتی رہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کو پارٹی کا صدر بنارہے ہیں، پرویز الہیٰ کو کون کہتا تھا کہ یہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے۔
Comments are closed on this story.