بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا 20 سالہ کیریئر اختتام پذیر
بھارت کی معروف ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کا 20 سالہ ٹینس کیریئر شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اپنے آخری ٹورنامنٹ دبئی ٹینس چیمپیئن شپ کے ویمنز ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ثانیہ مرزا ایونٹ سے باہرہوگئیں۔
دبئی چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں ثانیہ مرزا امریکی ساتھی کھلاڑی کے ساتھ ڈبلز ایونٹ میں شریک ہوئیں، انہیں روسی جوڑی نے اسٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 0-6 سے ہرادیا۔
اس شکست کے ساتھ ہی ثانیہ مرزا کا 20 سالہ ٹینس کیریئر ختم ہوگیا، 36 سالہ ثانیہ مرزا نے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 2003 میں کیا اور 6 گرینڈ سلم ٹرافیز سمیت کئی ٹائٹل اپنے نام کیے۔
ثانیہ مرزا نے 3 ویمن ڈبلز گرینڈ سلم ٹائٹل سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کے ساتھ جیتے جبکہ 3 مکسڈ ڈبلز گرینڈ سلم جیتے جبکہ 2 ہم وطن مہیش بھوپتی کے ساتھ جیتے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں آخری گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کھیلا، روہن بوپنا کے ساتھ ثانیہ مرزا کو فائنل میں شکست ہوئی تھی۔
Comments are closed on this story.