Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

اسٹیل ملز کی 344 ایکڑ اراضی پر قبضے کا انکشاف

مل بند ہونے کے باوجود نئے ملازمین کی بھرتی پر کروڑوں روپے خرچ کر دیئے گئے
شائع 21 فروری 2023 03:10pm

8 سال سے بند پاکستان اسٹیل ملز کی 344 ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضے اور بند مل میں نئے ملازمین کی بھرتی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

وجہیہ قمر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت صنعت و پیداوار اور پاکستان اسٹیل ملز کی آڈٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

آڈٹ حکام کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی اراضی پر قبضے کیے جا رہے ہیں، مل کی 344 ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے جس کی مالیت 5 ارب 16 کروڑ روپے بنتی ہے۔

وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کا کیا مستقبل ہے، مل بند پڑی ہے، اراضی پر قبضے ہو رہے ہیں لیکن کسی کو کوئی پروا نہیں۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار مومن آغا نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کا ٹیکنیکل آڈٹ کیا جا رہا ہے، پاکستان اسٹیل کے پاس 19 ہزار ایکڑ اراضی موجود ہے۔

اسٹیل ملز حکام نے بتایا کہ قبضے کے معاملہ پر سیکریٹری صنعت جلد چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات کریں گے، بیشتر اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا قبضہ ہے، غیر قانونی قبضہ سندھ حکومت کی مدد کے بغیر ختم نہیں ہو سکتا۔

سیکریٹری صنعت و پیداوار نے بتایا کہ اسٹیل ملز 2015 سے بند پڑی ہے، پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری ایک پیچیدہ اور طویل معاملہ ہے۔

آڈٹ حکام نے بتایا کہ مل بند ہونے کے بعد نئے ملازمین بھرتی کرنے سلسلہ بند نہیں ہوا، مل اگر بند پڑی ہے تو سیکورٹی گارڈز کی بھرتی پر 4 کروڑ 66 لاکھ کا خرچہ کیوں کیا گیا۔ جس پر سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ مل بند ہے لیکن قیمتی مشینری تاحال موجود ہے۔

public accounts committee

Steel Mills