Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

متنازع اور توہین آمیز ویڈیو گیم نے آن لائن ہنگامہ برپا کردیا

گیم میں پلئیرز یسوع مسیح (جنہیں مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے طور پر جانتے ہیں) کا کردار نبھاتے ہیں۔
شائع 20 فروری 2023 09:57pm

ایک متنازع اور توہین آمیز ویڈیو گیم نے آن لائن ہنگامہ برپا کردیا ہے۔

امریکی ویڈیو گیم اور انٹرٹینمنٹ میڈیا ویب سائٹ کی جانب سے ریلیز کیا جانے والا کمپیوٹر گیم ”آئی ایم جیسس کرائسٹ“ ( میں یسوع مسیح ہوں) سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔

یہ ایک آن لائن گیم ہے جس میں پلئیرز یسوع مسیح (جنہیں مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے طور پر جانتے ہیں) کا کردار نبھاتے ہیں۔

یہ گیم مسلمان اور عیسائی دونوں مذاہب کے پیروکاروں کیلئے متنازع بن چکا ہے۔

اس گیم میں پلئیرز معجزات دکھاتے ہیں، پانی پر چلتے ہیں، شیطان سے لڑتے ہیں اور اپنے فالوورز بڑھاتے ہیں۔

اس گیم کو ابھی ”آئی جی این“ کے فین فیسٹ 2023 کے ایک حصے کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اسے ”نیو ٹیسٹامنٹ“ (عیسائی مذہب کی مقدس کتاب) کو ایک ’منفرد اور اختراعی‘ منظر نامے کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

گیم کی ’اہم خصوصیات‘ میں کھلاڑی

  • یسوع مسیح کی پیدائش سے لے کر مصلوب ہونے اور دوبارہ جی اٹھنے تک کی زندگی کا تجربہ کریں گے۔
  • یروشلم اور گیلیل سمیت مقدس مقامات کے اہم مقامات کی درست تشریحات دریافت کریں گے۔
  • پانچ ہزار لوگوں کو کھانا کھلانے اور پانی پر چلنے سمیت 30 سے زیادہ حیرت انگیز معجزے دکھا سکیں گے۔

پلیئرز گیم میں یسوع مسیح کے آخری عشائیہ کے منظر کو دوبارہ تخلیق کرنے، ان کے شاگردوں کے ساتھ بات چیت کرنے، صحرا میں شیطان سے لڑنے اور پانی پر چلنے کے قابل بھی ہوں گے۔

فی الحال گیم کا ’پرولوگ‘ ایڈیشن مفت میں کھیلا جا سکتا ہے، جو اگلے چند مہینوں میں ریلیز ہونے والے مکمل ورژن کا تعارف ہے۔

گیم کو آن لائن تعریف اور تنقید دونوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایک صارف نے لکھا، ”یہ سب سے زیادہ توہین آمیز چیزوں میں سے ایک ہے جو میں نے کبھی دیکھی ہو۔“

ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ ”عیسائی اپنے پیغمبر کی عزت کیوں نہیں کرتے؟“

ایک ٹوئٹر صارف نے گیم کو ”مزاق اڑانا“ قرار دیا۔

تاہم، گیم کے بارے میں ہر کسی کا رویہ منفی نہیں تھا۔

ایک ٹویٹر صارف نے لکھا، ”آخر کار ایک اچھا عیسائی گیم“۔

یہ پہلا گیم نہیں جو یسوع مسیح اور بائبل کے بارے میں بنایا گیا ہو۔

2008 کے ”The You Testament“ میں دکھایا گیا ہے کہ کھلاڑی یسوع کے شاگردوں میں سے ایک کا کردار ادا کرتے ہیں اور بائبل کی 50 سے زیادہ کہانیوں کی انتہائی نامناسب تشریح کرتے ہیں۔

I am Jesus Christ

Video Game