چاہت فتح علی خان نے اپنی کہانی سنا دی
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے لیے اپنا خصوصی ترانہ ریلیز کرنے والے چاہت فتح علی خان اسی وجہ سے سوشل میڈیا پرخاصی لائم لائٹ میں ہیں۔
لندن میں مقیم چاہت فتح علی خان نے میوزک انڈسٹری میں کیریئر بنانے کی امید ظاہرکی ہے، آج نیوزکے مارننگ شو ’آج پاکستان کے ساتھ‘ میں شریک چاہت فتح علی خان نے خصوصی گفتگومیں موسیقی سے اپنی خاص وابستگی کااظہار کیا۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے، گزشتہ 6 ماہ میں ریلیز کیے جانے والے 6 میں سے 3 گانے سُپرہٹ رہے، خصوصاً ’یہ جو پیارا پی ایس ایل‘ ہے تو سوشل میڈیا پر لاکھوں بار سُنا جاچکا ہے۔
اپنے کیریئرکے حوالے سے بتاتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے کہا کہ گلوکاری کا شوق 1982 یا 1983 سے ہے جب انہوں نے شیخوپورہ میں ایک میوزک گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت مجھے موقع نہیں ملا تھااس لیے میں نے گورنمنٹ کالج اور پھر پنجاب یونیورسٹی میں اپنی پڑھائی جاری رکھی۔
لیکن چاہت فتح علی خان گزشتہ ایک سال سے گلوکاری کو بطور کیریئراپنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ، ”میں جانتا تھا کہ میں ایک بہترین اداکار، پرفارمر، ماڈل اور گلوکار ہوں لہذا میں نے اپنے ٹیلنٹ کو اسکرین پر لانے کا فیصلہ کیا“۔
پی ایس ایل 8 کے ترانے پر تبصرہ کرتے ہوئے گلوکار نے انکشاف کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے سیکریٹری نے ان سے تین بار رابطہ کیا یہاں تک کہ پی سی بی کے سربراہ نے بھی ان کے ٹوئٹراکاؤنٹ کا جائزہ لیا۔
دیکھنے والوں کو اپنا اصل نام بتا کرحیران کرنے والے گلوکار نے مزید کہا کہ ، ”میرا اصل نام کاشف رانا ہے، تقریباً 7 سال قبل جب میں نے دوبارہ گانا شروع کیا تو اسے تبدیل کرلیا“۔
Comments are closed on this story.