پارلیمنٹ لاجز ،وزارت داخلہ سمیت درجنوں سرکاری ادارے اربوں روپے کے نادہندہ
آئیسکو نے درجنوں سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو اربوں روپے بجلی واجبات ادا کرنے کے لئے نوٹسز جاری کردیئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے درجنوں سرکاری اور نیم سرکاری ادارے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے اربوں کے نادہندہ نکلے، اور آئیسکو نے ادائیگیاں نہ کرنے والے ان اداروں کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اداروں کو جاری نوٹسز میں بتادیا گیا ہے کہ بجلی واجبات ادا نہ ہوئے تو پیشگی اطلاع یا بغیر کسی نوٹس کے بجلی منقطع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
آئیسکو کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ کے زیر انتظام اسپتالوں کے 198ملین کے بل جمع نہیں ہوئے، پارلیمنٹ لاجز 112 ملین اور وزارت داخلہ نے 83 ملین ادا نہیں کیے، جب کہ وزارت ریلوے پر 147 ملین اور وفاقی پولیس پر 146 ملین رقم واجب الادا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ آزاد جموں کشمیر نے 105335 ملین دینے ہیں، سی ڈی اے 2880 ملین کا نادہندہ ہے، کینٹ بورڈ چکلالہ 896 ملین اور واسا 449 ملین کا مقروض ہے، جب کہ چیف کمشنر اسلام آباد 70 ملین، وزارت صحت 58 ملین اور وزارت کلچر اینڈ اسپورٹس 54 ملین کے نادہندہ ہیں۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق ڈیفنس پروڈیکشن ڈویژن پر 263 ملین، پاکستان پی ڈبلیو ڈی پر 200 ملین اور ٹی ایم اے راول ٹاؤن پر 125 ملین واجب الادا ہیں، وزارت تعلیم 47 ملین، ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی 39 ملین، ایف ڈبلیو او 37 ملین، این ایچ اے 33 ملین، پنجاب ہیلتھ اینڈ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ 32ملین اور پی او ایف واہ ٹیکسلا 30 ملین کے نادہندہ ہیں۔
اسی طرح پنجاب میٹرو بس 18 ملین، ہیلتھ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ جہلم 18 ملین اور وزارت لوکل گورنمنٹ 17ملین کے نادہندہ ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بجلی واجبات ادا نہ کرنے والے سرکاری اور نیم سرکاری نادہندگان کی بجلی منقطع کردی جائے گی۔
Comments are closed on this story.