Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے، عمران خان

نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 18 فروری 2023 04:09pm

لاہور زمان پارک میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے، حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، لیکن قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے، جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اورعوام رضا کارانہ گرفتاریاں دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب آئین کی پامالی کی جا رہی ہے، یہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔

چوہدری پرویزالٰہی نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولہ عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا جا رہا، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا ۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آج کے سیاسی فرعونوں کے خلاف قوم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں، عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں، قوم عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہے۔

pti

imran khan

Chaudhry Pervaiz Elahi