Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  
Live
politics feb 18 2023

پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری

روزانہ 200 کارکنان گرفتاریاں دیں گے
شائع 18 فروری 2023 03:27pm

پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کر دیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے جیل بھرو تھریک کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت 22 فروری سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان گرفتاریاں دیں گے ۔

سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا 6 رکنی گروپ بھی گرفتاری دے گا، اور گرفتاریاں نہ ہونے پر کارکنان اور ارکان اسمبلی دھرنا دیں گے۔

پروگرام کے مطابق 22 فروری کو شاہراہِ قائد اعظم پر گرفتاریاں پیش کی جائیں گی، 23 فروری پشاور، 24 راولپنڈی، 25 ملتان اور 26 فروری کو گوجرانوالہ کے کارکنان گرفتاری دیں گے، 27 فروری سرگودھا، 28 فروری ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں گرفتاری دی جائے گی۔

22 فروری کو لاہور میں دی جانے والی گرفتاری کیلئے کارکنان کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، جس میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ ،ارکان اسمبلی کے گروپ کے ہمراہ گرفتاری دیں گے۔

دوسری جانب لاہور سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناموں پر مشاورت جاری ہے، گرفتاری دینے والے ارکان اسمبلی کے ناموں کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔

نیب نے دباو ڈال کر شہباز شریف کے خلاف بیان دینے کا کہا، وعدہ معاف گواہ کا انکشاف

آشیانہ اقبال کا کنٹریکٹ دینے میں کوئی خلاف ضابطہ کام نہیں ہوا، سابق چیف انجینئر
شائع 18 فروری 2023 02:50pm

نیب کے وعدہ معاف گواہ سابق چیف انجنیئر اسرار سعید نے انکشاف کیا ہے کہ نیب نے دباؤ ڈال کر اسے شہباز شریف کیخلاف بیان کیلئے وعدہ معاف گواہ بنایا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں شریک ملزمان کے وکلاء نے نیب کے وعدہ معاف گواہ سابق چیف انجنیئر اسرار سعید کے بیان پر جرح کی۔

سابق چیف انجنیئر اسرار سعید نے بتایا کہ آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ دینے کا اختیار کسی ایک آدمی کے پاس نہیں بلکہ مختلف اداروں کے افسران پر مشتمل کمیٹی کے پاس تھا، آشیانہ اقبال کا کنٹریکٹ دینے میں کوئی خلاف ضابطہ کام نہیں ہوا۔

اسرار سعید کا کہنا تھا کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی، اسکیم کا ٹھیکہ شفاف طریقے سے دیا گیا، اور پنجاب حکومت کو آشیانہ اقبال اسکیم کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

اسرار سعید نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ نیب نے دباؤ ڈال کر مجھے شہباز شریف کیخلاف بیان کیلئے وعدہ معاف گواہ بنایا۔

احتساب عدالت لاہور نے کیس کی مزید سماعت چار مارچ تک ملتوی کر دی۔

شیخ رشید نے تفتیشی افسرکی رشوت لیتے ہوئے مبینہ ویڈیو شیئرکردی

سارا چٹھا کھٹا کھولوں گا، شیخ رشید
شائع 18 فروری 2023 02:16pm
تصویر/ ٹوئٹر
تصویر/ ٹوئٹر

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے تھانہ آبپارہ میں آئی او عاشق کی جانب سے رشوت لینے کی مبینہ ویڈیو شیئر کردی ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں نے آج عدالت میں ایس ایچ او اشفاق وڑائچ اور تفتیشی افسر( آئی او) عاشق حسین تھانہ آبپارہ نے میرے گھرمیں ڈکیتی کی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران دونوں افسروں نے میری گھڑیاں میرا اسلحہ میرے پیسے اور3 موبائل فون اپنے ہمراہ لے گئے اور میرے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے۔

دوسری ٹوئٹ میں شیخ رشید نے ویڈیو شئیرکرتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو میں عدالت کے سامنے رکھی تھی جس میں کرپٹ تفتیشی افسرعاشق کو ورشوت لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید لکھا کہ مجسٹریٹ نے ایڈنشل سیشن جج کو درخواست دینے کا کہا جہاں پر میں دونوں افسروں اشفاق اور عاشق کا سارا چٹھا کھٹا کھولوں گا۔

الیکشن کمیشن کا صدر عارف علوی کو جوابی خط، بے حسی کے الفاظ پر تحفظات

الیکشن کمیشن کا صدر کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 18 فروری 2023 04:31pm

الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان عارف علوی کے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے صدرمملکت عارف علوی کے خط کا جواب دے دیا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کے خط میں لکھے الفاظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے جوابی خط میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اورخود مختارادارہ ہے، جو آئین اور قانون پرعمل کرتا ہے، صدر کا الیکشن کمیشن کیلئے بے حسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں، صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی۔

صدر پاکستان کی چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق اجلاس کی دعوت

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے گزشتہ روز خط میں مشاورت کے لئے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے اجلاس ایوان صدر میں سوموار دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے، اور اس اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران اوراعلی حکام شرکت کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے ”جیل بھرو تحریک“ کا شیڈول جاری کردیا

"جلاؤ گھیراؤ، پولیس سے لڑائی ہمارا مقصد نہیں"
اپ ڈیٹ 18 فروری 2023 02:19pm
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن اعجاز چوہدری نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی گرفتاری سے استثنی نہیں، پارٹی فیصلہ کریگی کہ کب کس نے گرفتاری دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے 22 فروری کو تحریک کا آغاز ہوگا، جو 8 شہروں میں 28 فروری تک تحریک کا پہلا مرحلہ ختم کریں گے۔

مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک پرامن طریقے سے چلائیں گے اور جلاؤ گھیراؤ یا پولیس سے لڑائی ہماری تحریک کا مقصد نہیں ہے۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کر رہا ہوں، تحریک آغاز لاہور سے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں سے ہر گزرتے دن گرفتاریاں دیں گے، یہ ہمیں جیل سے ڈرا رہے ہیں، ہم جیلیں بھر دیں گے۔