Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر پی ٹی آئی رہنماوں کی حکومت کو وارننگ

پولیس نے زمان پارک کے اطراف راستے بند کرتے ہوئے پولیس کا گشت بڑھا دیا
شائع 17 فروری 2023 12:35pm

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر تحریک انصاف کے رہنماوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

آج نیوز کے مطابق گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہور زمان پارک رہائش گاہ کے اطراف راستے بند کرتے ہوئے پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئیٹ کی گئی کہ پولیس زمان پارک کے راستے بند کر رہی ہے، تمام ورکرز اور سپورٹرز جلد ازجلد زمان پارک پہنچیں۔

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ”رانا ثناءاللہ زمان پارک کو ماڈل ٹاؤن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے عمران خان کی گرفتاری کی حماقت نہیں ہو گی ورنہ معاملات ہاتھ سے نکل جائیں گے۔“

مراد سعید کی جانب سے جاری آڈیو پیغام میں کارکنوں سے زمان پارک پہنچنے کے لیے کہا گیا۔

علی زیدی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ”امپورٹڈ حکومت پھر چوروں کی طرح رات کے اندھیرے میں کاروائی ڈالنے کا سوچ رہی ہے! ایسا کرنے کا سوچنا بھی مت، عوامی ردعمل برداشت نہیں سکو گے!“

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ گزشتہ شب عوام نے دیوانہ وار زمان پارک پہنچ کر امپورٹڈ حکومت کو پیغام دیا ہے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، ان کو گرفتار کرنا تو دور کوئی انکی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔

مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ عوامی جذبات کو دیکھ کر حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف نہ دھکیلے۔

pti

imran khan