Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈرامہ پیاری مونا میں کردار کے لیے 20 کلو وزن بڑھایا، صنم جنگ

شوٹنگ کے وقت کوئی پہچان نہ پایا تھا
شائع 16 فروری 2023 11:58pm

معروف اداکارہ صنم جنگ نے بتایا ہے کہ ڈرامہ سیریل پیاری مونا کی کہانی ایک سال پہلے لکھی گئی تھی لیکن کوئی بھی اداکارہ مونا کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار نہیں تھی۔

صنم جنگ نے ڈرامہ سیریل پیاری مونا میں ایک موٹی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، حال ہی میں انہوں نے بی بی سی اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں بتایا کہ ڈرامے کی کہانی ایک سال پہلے لکھی گئی تھی اور انھیں ڈرامے میں کام کرنے کی آفر بھی ایک سال پہلے ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا، تاہم ڈرامے کے ہدایتکار علی حسن نے اُن سے اس کردار کو کرنے کیلئے درخواست کی۔

’جب مجھے واپس سے یہ اسکرپٹ آفر ہوا تو مجھے لگا کہ یہ تو میری کہانی ہے۔ مونا کے ساتھ جو گھر میں ہوتا ہے، وہ میرے ساتھ نہیں ہوا لیکن اُس کے علاوہ جو معاشرہ ہے، جو لوگ ہیں، میں بھی اس چیز سے گزر چکی ہوں‘۔

صنم نے بتایا کہ میں نے جِم جانا چھوڑ دیا تھا کیونکہ ہمیں ایک کردار میں رہنا تھا اور اس کی شوٹ کے لیے میرے مخصوص کھانے سائیڈ پر ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میں نے لوگوں کی وجہ سے اس ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کیا تھا، تاہم پھر میں نے سوچا لوگوں کو اس حوالے سے پیغام دینے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

سال 2013 میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی ادکارہ صنم جنگ نے دس برسوں میں بمشکل سات ڈرامہ سیریل اور تین ٹیلی فلمز کی ہیں۔ البتہ انھوں نے ہم ٹی وی کا مقبول مارننگ شو ’جاگو پاکستان جاگو‘مستقل مزاجی سے کیا۔

صنم جنگ ماضی میں بھی کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں دلِ مضطر، میرے ہمدم میرے دوست، الوداع اور محبت صبح کا ستارہ ہے جیسے ڈرامے شامل ہیں۔

Sanam jang