ایف نائن پارک ریپ کیس، ملزمان کا سراغ لگا لیا گیا
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف ایف نائن پارک میں گن پوائنٹ پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریپ میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان مجرمانہ ریکارڈ یافتہ ہیں، جنہیں جیو فینسنگ اور سائینٹفک طریقے سے تلاش کیا گیا ہے۔
پولیس نے وقوعہ کی جیو فینسنگ مکمل کرکے ایک ہزار افراد کی فہرست تیار کی تھی، جبکہ مشکوک افراد کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا۔
ہزار موبائل فونز اور 200 گرفتاریاں
قبل ازیں، پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دو فروری کی رات آٹھ بجے سے لے کر نو بجے تک ایف نائن پارک کی حدود میں ایک ہزار موبائل فون ایکٹو تھے۔
ان ایک ہزار موبائل فونز کے حامل افراد کی فہرست تیار کی گئی۔ اسلام آباد پولیس اور انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) نے مل کر ان ایک ہزار نمبروں سے متعلق مزید تحقیقات کیں اور ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
اس سلسلے میں کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے کریک ڈاؤن کے ذریعے گرفتار 200 سے زائد مشکوک افراد کی متاثرہ خاتون سے شناخت کروائی۔ متاثرہ خاتون نے 200 میں سے کسی ایک بھی شخص کو اپنا ملزم قرار نہیں دیا۔
ملزمان کے پاس اسلحہ کی موجودگی پر پولیس نے ملزمان کے ڈکیت گینگ سے تعلق پر شبہ ظاہر کیا تھا۔
پولیس حکام نے یہ بھی بتایا تھا کہ خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد ایف نائن پارک کے کسی گیٹ سے باہر نہیں نکلے۔ نہ ہی پارک کے کسی کیمرے میں نظر آئے۔ ایف نائن پارک میں کام کرنے والے تمام افراد سے بھی تفتیش کی گئی۔
پولیس نے ملزم کا خاکہ بھی تیار کیا تھا جسے اشتہار کے طور پر اخبارات میں شائع کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں سے ملزمان تک پہنچے۔
اس دن کیا ہوا؟
جمعرات دو فروری کی شام متاثرہ خاتون کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن پارک میں گن پوائنٹ پر دو ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی کے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق وہ چہل قدمی کے لیے کولیگ کے ساتھ پارک آئی تھی۔
مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا، لڑکی کو الگ لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی، شور کرنے پر تھپڑ مارے، درختوں کے جھنڈ میں لے جاکر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
بعدازاں لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر گینگ ریپ کے واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف نائن پارک میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے خلاف سیکٹر ایف ٹین میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
مظاہرے میں خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
Comments are closed on this story.