پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے مطالبات ماننے کو تیار ہوگئی
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) حلقہ بندیوں کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مطالبات ماننے کو تیار ہوگئی۔
کراچی میں واقع مرکز بہادر آباد آمد اور ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنا ایم کیوایم کا جمہوری حق تھا۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ملاقات میں حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیوایم کے مطالبے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فرد واحد نے ملک بھر میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہوئی ہے، کبھی استعفے دیتے ہیں پھراسمبلی میں آنے کی بات کرتے ہیں، آئے روز نئے شوشے چھوڑتے رہتے ہیں، کہتے تھے کہ امریکا نے سازش کی، پھر یوٹرن لے کر کہتے ہیں کہ امریکا نےسازش نہیں کی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سےغلط معاہدے کئے،اب ہم ان کی نااہلی کے ثمرات بھگت رہے ہیں۔
ناصرحسین شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم کے دوستوں کا بہت احترام کرتے ہیں، سیاست میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، ہم ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کررہےہیں، ساتھ بیٹھنے اور آگے چلنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انوہں نے کہا کہ انتشارپھیلانے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے،اس معاملے پر ایم کیوایم کے تحفظات آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں پر نظرثانی کرنے کا کہا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 10/1 لیٹر پر اگر حکومت مان جاتی تو ہم الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتے، الیکشن کمیشن نے ہمارے مطالبات نہیں مانے، سندھ حکومت نے مان لیا ہے کہ 10/1 کی واپسی کا لیٹر آج جاری کرے گی، نوٹیفکشن کے اجراء کے بعد ہمارا مؤقف تسلیم ہوجائے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب نے مانا ہے کراچی کی حلقہ بندیاں صحیح نہیں ہیں، یہ کراچی والوں کی بڑی جیت ہے کہ حکومت ہمارے مطالبے کو مان گئی ہے، 53 یونین کاؤنسل بڑھنے سے ہمارے مؤقف کی حمایت ہوگئی ہے۔
Comments are closed on this story.