چیف الیکشن کمشنر آئین سے انحراف کر کے پچھتائیں گے، اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے باہر سے بیٹھ کر مفتاح کی ٹانگیں کھینچی، بند کمرے کی سازشیں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کریں گی، چیف الیکشن کمشنر بہت بڑی غلطی کررہے ہیں، آپ آئین سے انحراف کر کے پچھتائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ توہین کیس کا اختیار صرف سپریم کورٹ کو ہے، ہم الیکشن کمیشن پر کی گئی تنقید پر آج بھی کھڑے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ معاشی بحران ان کی آپس کی لڑائی کی وجہ سے خراب ہوا، اسحاق ڈار نے باہر سے بیٹھ کر مفتاح کی ٹانگیں کھینچی، ڈار نے کہا کہ میں آئی ایم ایف کو زیادہ جانتا ہوں، ریٹنگ ایجنسیز نے پاکستان کی ریٹنگ گرادی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فچ نے پاکستان کو قرضہ دینے کی صلاحیت کو 2 اسٹیپ گرادیا ہے، ہمیں 2 ارب ڈالرز امارات، 3 ارب ڈالرز سعودیہ اور 3 ارب ڈالرز چین سے ملے تھے، مہنگائی آج 34 فیصد پر پہنچی ہوئی ہے، یہ عوام سے تو بھاگ رہے ہیں، یہ صدر سے آرڈیننس کا کہہ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پہلے ہی مہنگائی میں ڈبویا ہوا ہے، بل کے بعد مزید مہنگائی آئے گی، تو یہ کہیں گے کہ صدر نے کی ہے، آرڈیننس کے ذریعے عوام پر مزید ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ یہ آئینی طریقے سے بھاگ کر چھپ چھپا کر آرڈیننس لانا چاہتے تھے، صدر نے ان سے کہا کہ بل اسمبلی میں پیش کریں، آئین میں لکھا ہے کہ 90 دن میں الیکشن کرائیں، یہ آئین سے انحراف کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کو ججز خریدنے کی عادت ہے، انہیں خوف ہے کہ آئین توڑنے کے منصوبے میں عدلیہ ان کے ساتھ نہیں ہے، اس لئے عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، بند کمرے کی سازشیں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کریں گی۔
اسد عمر نےکہا کہ چیف الیکشن کمشنر بہت بڑی غلطی کررہے ہیں، آپ آئین سے انحراف کر کے پچھتائیں گے، آپ نے کبھی نہ کبھی قانون کی گرفت میں آنا ہے، کسی کے کہنے یا خود یہ غلطی نہ کریں۔
الیکشن کمیشن مشاورت کرکے فوری الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے، اسد عمر
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئے 4 دن سے زیادہ ہو گئے، الیکشن کمیشن گورنر سے مشاورت کرکے فوری طور پر پنجاب اسمبلی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن تاخیر کرکے توہین عدالت کا مرتکب ہو رہا ہے اور اپنی آئینی ذمہ داری سے بھی انحراف کر رہا ہے۔
Comments are closed on this story.