Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پارٹی سربراہی کیس: عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت

آپ اپنے دلائل دیں پھر اس معاملے کو دیکھیں گے، الیکشن کمیشن
اپ ڈیٹ 15 فروری 2023 01:42pm
فوٹو۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔ فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارٹی سربراہی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ درخواست گزار آفاق احمد تو پیش ہی نہیں ہو رہا لہذا عدم پیروی پر عمران خان کے خلاف درخواست خارج کی جائے۔

الیکشن کمیشن کے ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنے دلائل دیں پھر اس معاملے کو دیکھیں گے، جس کے جواب میں عمران خان کے وکیل نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کارروائی سے روک چکی ہے اور معاملہ فل بنچ کو بھجوا دیا ہے۔

ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے کہا کہ حکم امتناع تو نااہلی کے ڈیکلریشن دینے کی حد تک لگ رہا ہے، درخواست آتی ہے تو آپ لوگ ہائیکورٹ پہنچ جاتے ہیں، اسٹے آرڈر کے بعد ہمارا کام صرف آنا بیٹھنا اور جانا رہ گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کیس چلانے سے نہیں روکا۔

ممبر خیبرپختونخوا نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جو درخواست دائر کی تھی اس کی کاپی فراہم کریں۔

وکیل عمران خان نے مؤقف اپنایاکہ الیکشن کمیشن کا پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا نوٹس چیلنج کیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے حکم نامے میں الیکشن کمیشن کا نوٹس موجود ہے، موجودہ کیس میں الیکشن کمیشن نے سوموٹو لیا ہے۔

ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سوموٹو لیتا ہے نہ ایسا کوئی اختیار ہے، درخواست گزار کو بھی نوٹس کر رہے ہیں وہ دلچسپی رکھتا ہے یا نہیں۔

الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہی کیس میں عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔

ECP

اسلام آباد

imran khan

party chairmanship case