Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن میں مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم

پنجاب حکومت نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو مذاکرات کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس بلایا تھا
اپ ڈیٹ 13 فروری 2023 11:15pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پنجاب حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں ہونے والے کامیاب مذاکرات میں نگراں صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، منصور قادر، بلال افضل کے علاوہ سیکریٹری خوراک زمان وٹو بھی مذاکرات میں شامل ہوئے۔

سیکریٹری فوڈ پنجاب کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن نے سرکاری گندم کا کوٹہ بیچنے والی فلور ملز سے لا تعقی کا اعلان کیا ہے، ایس او پیز کے مطابق انسپیکشن ہوں گی اور اگر کوئی اہلکار اپنے اختیارات سے تجاوز کرے گا تو سیکریٹری فوڈ کو آگاہ کیا جائے گا۔

سیکرٹری فوڈ کا کہنا ہے کہ ٹرکنگ پوائنٹس پر سکیورٹی فراہم کی جائے گی، صوبے سے باہر گندم کی ترسیل کے مطالبے پر فوڈ ڈیپارٹمنٹ غور و خوض کے بعد تین دن میں حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سٹہ بازی کے ایکٹ میں آٹا کی شق کی واپسی پر حکومت قانونی اداروں سے مشاورت کرے گی اور سسٹم کو شفاف بنایا جائے گا۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو مذاکرات کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس بلایا تھا۔

واضح رہے دو روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان نے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے ردعمل میں حکومت نے فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کے لئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔

حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملنگ انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فلور ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی حمایت کا اعلان کر چکی تھیں جبکہ گرفتاریوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا بھی امکان تھا۔

lahore

Punjab Govt

Flour Crisis