Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 8 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، فنکاروں نے سماں باندھ دیا

رات آٹھ بجے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں جوڑ پڑے گا۔
اپ ڈیٹ 13 فروری 2023 08:11pm

ملک میں کرکٹ کا بخار، ایک سو چار۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کا میلہ دھوم مچانے کو ہے تیار۔ لیگ کا آغاز ملتان سے ہورہا ہے پہلی بار۔

پی ایس ایل 8 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز ہوچکا ہے، شائقین کی ملتان اسٹیڈیم آمد کا سلسلہ جاری ہے، رات آٹھ بجے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں جوڑ پڑے گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز پیر کو گلوکارہ آئمہ بیگ کی قومی ترانے سے ہوا۔

پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگلے مرحلے میں انٹرنیشنل کرکٹ لیگ کو کوئٹہ اور پشاور کے وینیوز تک پھیلایا جائے گا۔

انہوں نے حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، اور بہت سے لوگوں کی شکل میں عظیم ٹیلنٹ پیدا کرنے پر لیگ کی تعریف کی۔

ان کے جاتے ہی PSL 8 کے لوگو کا ہولوگرام سامنے آیا جس میں تمام ٹیموں کے رنگ دکھائے گئے۔

بعد ازاں گلوکار اور موسیقار ساحر علی بگا نے آئمہ بیگ کے ساتھ پرفارمنس دی۔ انہوں نے اپنے ہٹ نمبر “ کوک اسٹوڈیو: بازی“ اور ”ڈھولا“ پیش کیے۔

ساحر علی بگا نے اپنے مشہور گانے ”پاکستان زندہ باد“ کے ساتھ مجمعے کو چارج کیا اور ہجوم نعروں سے گونج اٹھا۔

پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ

پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ میلہ ہے۔ چار شہروں کراچی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں گراؤنڈز سجائے گئے ہیں اور ٹرافی کے لیے کل چھ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کا آغاز ملتان میں افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا، دنیا بھر کے کرکٹ شائقین مختلف فنکاروں کی شاندار پرفارمنس دیکھیں گے اور سب سے بڑی توجہ پی ایس ایل 8 کے ترانے کے گلوکارعبداللہ صدیقی، عاصم اظہر، فارس شفیع اور شائے گل کی پرفارمنس ہوگی۔

شائقین کو معروف میوزک کمپوزر ساحر علی بگا اور باصلاحیت گلوکارہ آئمہ بیگ کی پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔ جس نے افتتاحی تقریب کو ایک ناقابل فراموش تجربہ فراہم کیا۔

کراچی، لاہور اور راولپنڈی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے میچوں کی میزبانی بھی کریں گے۔

کراچی کا نیشنل بینک کرکٹ ایرینا ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ کی میزبانی کرے گا اور کراچی کنگز کا پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی مہم کا آغاز 15 فروری کو ملتان میں کریں گے اور اسلام آباد یونائیٹڈ سیزن کا پہلا میچ 16 فروری کو کراچی میں کھیلے گی۔

ٹورنامنٹ کے آخری حصے کی میزبانی لاہور اور راولپنڈی کریں گے، 26 فروری سے ایکشن ملک کے شمالی نصف حصے میں چلا جائے گا۔ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم، جو پاکستانی کرکٹ کا گھر ہے، چار پلے آف اور فائنل کی میزبانی کرے گا، اس کے علاوہ پانچ لیگ مرحلے کے کھیل ہوں گے، راولپنڈی میں 11 میچ ہوں گے۔

قذافی اسٹیڈیم میں 19 مارچ کو ہونے والے فائنل کا فاتح نہ صرف سپرنووا ٹرافی اٹھائے گا بلکہ 12 کروڑ کا چیک بھی اپنے نام کرے گا، جبکہ رنرز اپ کو 48 ملین روپے کا چیک ملے گا۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کی وجہ سے وہ بہت پرجوش ہیں اور ملتان سلطانز کے ٹاپ آرڈر کو شکست دینے کے مقصد کے ساتھ ایونٹ میں اچھی شروعات کریں گے۔

قلندر کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے لاہور قلندر کے لیے کئی میچ جیتے ہیں۔

جیتنے والوں پر ایک نظر

تمام چھ فرنچائزز کم از کم ایک بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیت چکی ہیں، جو کہ تمام چھ فریقوں کے معیار اور ٹورنامنٹ میں مقابلے کی اعلیٰ سطح کو واضح کرتا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ، افتتاحی چیمپئن، وہ واحد ٹیم ہے جس نے ٹائٹل دو بار جیتا (2018 میں دوسری بار)۔

پشاور زلمی نے 2017 کا ایڈیشن جیتا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، جو پہلے دو ایڈیشنز میں فائنلسٹ تھے، انہوں نے 2019 کا مقابلہ جیت لیا۔

کراچی کنگز پہلی ٹیم تھی جس نے 2020 میں کراچی میں لاہور قلندرز کو شکست دیکر اپنے گھر پر ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا۔ 2021 میں ملتان سلطانز نے اپنا پہلا ٹائٹل جیتا تھا۔

گزشتہ سال لاہور قلندرز نے لاہور میں ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

Opening ceremony

PSL 8