Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن جب کہے گا انتخابات کروا دیں گے، نگراں وزیراعلٰٰی پنجاب

'پنجاب میں کسی صورت بسنت نہیں منائی جائے گی'
شائع 13 فروری 2023 03:03pm

نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد صرف الیکشن کروانا ہے، جس وقت الیکشن کمیشن کہےگا الیکشن کرادیں گے۔

لاہورمیں صحافیوں سے ملاقات کے دوران نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کرائیں اورعزت سے گھرچلےجائیں۔ ہم بہت تھوڑے سے وقت کے لیے آئے ہیں۔کوئی بھی تنقید کریں میں جواب نہیں دوں گا۔ اگرصحافیوں کے لیے کچھ نہ کر سکا تو یہ شرمندگی ہوگی۔

محسن نقوی نے کہا کہ میں اپنے ضمیر کے اطمینان کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں، ہماری کوشش ہے کہ کوشش ہے 2 فیصد کام کر کے کچھ بہتری کر جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں نگراں وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی وار برٹن واقعہ پر ٹرائل 2 ماہ میں مکمل کروائیں۔

پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب تحریک شروع ہو ئی تو کابینہ بیٹھ کر فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی گرفتاریاں ہوئی ہیں اس میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ پی ٹی آئی کے روز لوگ زمان پارک روز جمع ہوتے ہیں، اگر منع کریں گے تو بھی مسئلہ خراب ہوگا، کوشش ہے زمان پارک کی سیکورٹی بہتر رکھیں۔

نگران وزیراعلٰی پنجاب نے پنجاب میں سیکورٹی صورتحال کو بہترقراردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات ضرور موجود ہیں۔ سیف سٹی کے کیمروں کا مسئلہ مارچ تک حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر فیلڈ افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی جا رہی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بسنت منانے پر پابندی لگانے کا کہا ہے۔صوبے میں بسنت کسی صورت نہیں منائی جائے گی اورکسی بھی جگہ ایسا ہوا تو فوری ایکشن ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو ایسا اقدام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جس سے کسی جان جانے کا خطرہ ہو۔صوبے میں سب کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ پولیس حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ کسی کو کوئی غیر قانونی اقدام کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔

Election commission of Pakistan

Care Taker CM Punjab

mohsin naqvi

Basant