Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

فواد چوہدری کیخلاف کیس میں پولیس تاحال چالان پیش نہ کرسکی

14روز گزرنے کے باوجود چالان کیوں جمع نہیں ہوسکا، عدالت
شائع 13 فروری 2023 10:13am
فوٹو۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔ ٹوئٹر

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف کیس میں پولیس نے تاحال چالان پیش نہیں کیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ 14روز گزرنے کے باوجود چالان کیوں جمع نہیں ہوسکا؟

اسلام آبادڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے الیکشن کمیشن کے خلاف بیان دینے کے کیس کی سماعت کی۔

فواد چوہدری اپنے وکیل علی بخاری اور فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

فواد چوہدری نے عدالت میں جج سے کہا کہ حاضر ہیں جناب۔

عدالت نے وکلاء سے سوال کیا کہ مقدمے کا چالان جمع ہوا؟

مزید پڑھیں: فواد چوہدری کو مشروط ضمانت پر رہا کردیا گیا

وکیل نے جواب دیا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے اب تک مقدمے کا چالان جمع نہیں کروایا جا سکا۔

جج نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کو بلا لیتے ہیں، 14 روز بعد بھی چالان جمع کیوں نہیں ہوا؟

وکیل علی بخاری نے استدعا کی کہ ہمیں 3 مارچ کے بعد کی تاریخ دے دیں تاکہ استثنیٰ کی درخواست دائر نہ کرنی پڑے۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری کیس: الیکشن کمیشن کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

جج نے جواب دیا کہ تفتیشی افسر سے معلوم کر لیتے ہیں، پھر تاریخ دیں گے، فواد چوہدری چاہیں تو چلے جائیں، اگلی تاریخ تفتیشی افسر کے پیش ہونے پر دیں گے۔

فواد چوہدری کی گرفتاری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں بدھ 25 جنوری کو علی الصبح لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

بعدازاں، پولیس انہیں ماتحت عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر اسلام آباد لے آئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کی ہدایت کی لیکن اس پر عمل نہ ہوا۔ عدالت نے درخواست خارج کردی۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف تھانہ کہسار اسلام آباد میں الیکشن کمیشن حکام کو دھمکانے کا مقدمہ درج ہے۔

اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹر غدار ہیں، فواد چوہدری

بعدازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج غداری کے کیس میں پیشی تھی، ابھی تک پولیس کوئی چالان پیش نہ کرسکی، ہمیں بھی پتہ لگے کہ ہم نے غداری کیا کی ہے، سیاسی مخالفین پر غداری کے پرچے درج ہورہے ہیں، اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹر غدار ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں کچھ نہ سمجھ لوگ جن کو تاریخ کا نہیں پتہ، ہمارے اوورسیز پاکستانی ان سے کیوں نفرت کرتے ہیں، اس حکومت نے گرین پاسپورٹ کی عزت ختم کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے لیے یہ لوگ تیار نہیں ہیں، موجودہ حکومت عمران خان کو روکنے کی کوشش کررہی ہیں، ،الیکشن وقت پرنہ ہونا آئین کی خلافی ورزی ہوگی۔

pti

islamabad local court

Fawad Chaudhry arrested