Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 8 کا میلہ آج سے سجے گا

افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز مدمقابل
اپ ڈیٹ 13 فروری 2023 08:48am
آرٹ ورک ۔۔۔۔۔ آج ڈیجیٹل
آرٹ ورک ۔۔۔۔۔ آج ڈیجیٹل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آٹھواں ایڈیشن آج سے شروع ہورہا ہے، افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا۔

وقت آن پہنچا جس کا بے صبری سے انتظار تھا، ملک میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آج سے سجے گا، پاکستان سپرلیگ 8 کا آغاز ملتان سے ہوگا۔

چار شہروں میں میدان سجے گا، 6 ٹیمیں ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی، میچ سے پہلے ملتان اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہو گی۔

رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے چار چاند لگیں گے، ملتان اسٹیڈیم میں میوزک کا تڑکا بھی لگے گا۔

پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے پرفارمرز نے فل ڈریس ریہرسل کرلی ، تقریب کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جبکہ پی ایس ایل 8 کا نغمہ گانے والے گلوکاروں کے علاوہ آ ئمہ بیگ اور ساحر علی بگا بھی تقریب میں آواز کا جادو جگائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ملتان اسٹیڈیم کے گیٹ دوپہر دو بجے کھول دیے جائیں گے،اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہو گی جبکہ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا، پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہورقلندرز اور ملتان سلطانز ٹکرائیں گے۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے وہ بہت پرجوش ہیں ، ایونٹ میں اچھی شروعات کریں گے ، کوشش ہو گی ملتان سلطانز کے ٹاپ آرڈر کو جلد آؤٹ کریں۔

قلندرز کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے لاہور قلندرز کو بہت میچز جتوائے ہیں، امید ہے وہ اپنی کارکردگی کو دہرائیں گے، اس بار بھی ایونٹ کی تیاری بہت اچھی ہے، امید ہے اچھے مومنٹم کے ساتھ پی ایس ایل کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اور حارث ٹاپ کلاس بولرز ہیں ان کے خلاف حکمت عملی بنا کر دلیری سے کھیلنا ہوگا،امید ہے کہ اچھا کراؤڈ میچ دیکھنے آئے گا اور سپورٹ ملے گی۔

پی ایس ایل 8: کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کپتانوں کا بھی امتحان

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کپتانوں کا بھی امتحان ہوگا۔

سپر اسٹار بابراعظم مرکز نگاہ ہوں گے، جو پہلی بار پشاور زلمی کی قیادت کریں گے جبکہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کو دوسری بار چیمپئن بنوانے کے لئے زورلگائیں گے۔

ملتان سلطانز کی باگ دوڑ محمد رضوان سنبھالیں گے، آل راؤنڈر شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کریں گے۔

سرفرازاحمد ہی مسلسل آٹھویں بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لیڈ کریں گے جبکہ کراچی کنگزکی قیادت دوبارہ عماد وسیم کے سپرد کی گئی ہے۔

پی ایس ایل 8 کا آفیشل ترانہ جاری، سوشل میڈیا پر بحث

پاکستان سپرلیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ جاری کردیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر بحث کا بازار گرم ہوگیا، کسی کو گانا پسند آیا تو کسی کو ایک آنکھ نہ بھایا۔

ترانہ ریلیزہوتے ہی صارفین کوعلی ظفر اور نصیبو لعل کی یاد ستانے لگی۔ ٹوئٹر پر علی ظفر اور“گروو میرا“ ٹرینڈ کرتے رہے۔

کئی صارفین نےعلی ظفرکے پی ایس ایل کےابتدائی 3 سیزن کے گانوں کوبہترین قرار دیا۔

حماد احمد نے علی ظفر کی تصویر کے ساتھ ٹوئٹ کیا جب جب پی ایس ایل آئے گا تم کو ایک شخص یاد آئے گا۔

ایک صارف نےلکھاعلی ظفرکی آواز پی ایس ایل کے لئے ہی بنی ہے۔

کئی صارفین نےچاہت فتح علی کے ترانے کو بہتر قرار دیا۔

صارفین نصیبولعل کے گانے گروو میرا کی تعریفیں بھی کررہےہیں۔

ایک صارف نےلکھا پی ایس ایل 8 کا ترانہ گروومیرا پر تنقید کرنے والوں کے لئے کے لئے سزا ہے۔

Multan

Multan Sultan

lahore qalanders

PSL 8