وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی شہری ملک کی ترقی میں اہم کردا ادا کر رہے ہیں، چین کی طرف سے اہم پراجیکٹ پر کام ہو رہا ہے، باشندوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ حملے کرتے ہیں، پشاور کی مسجد میں پاکستانی شہید ہوئے، البتہ ملک میں امن برقرار رکھنے، ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سیاسی دہشت گرد بن چکے ہیں، انہوں نے انتقامی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور یہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ کی گرفتاری کے معاملے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد حکومت نے ایف آئی اے کو انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ڈیل سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے بعد شوکت ترین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزارت داخلہ سے ان کی گرفتاری کی اجازت مانگی تھی۔
Comments are closed on this story.