Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’عورت کارڈ نہ کھیلیں‘ جویریہ صدیقی کیخلاف ٹویٹ پرمسرت احمد زیب تنقید کی زد میں

جویریہ نےمہم چلانے والوں کیخلاف سائبرکرائم ونگ سے رجوع کرلیا
شائع 10 فروری 2023 02:36pm

مقتول صحافی ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیقی نے سوشل میڈیا پراپنے خلاف منظم مہم چلانے والوں کیخلاف سائبرکرائم ونگ میں درخواست دائرکردی ہے، جویریہ کی ایک ٹویٹ کے ردعمل میں اے این پی رہنما مسرت احمد زیب نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

دوروز قبل مختلف ٹویٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ جویریہ صدیقی نے دوران عدت دوسرا نکاح کرلیا ہے، اور یہ شادی پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کے ساتھ کی گئی ہے۔

جویریہ نے ایسی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کے وکلاء کی جانب سے سائبرکرائم ونگ میں درخواست دائرکردی گئی ہے۔

اس دوران جویریہ کی جانب سے ٹوئٹراکاؤنٹ پراس حوالے سے مختلف ٹویٹس بھی کی گئیں ، ایک میں انہوں نے اس الزام پر شکوہ کناں ہوتے ہوئے اپنے مرحوم شوہرکو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ”ارشد تم تو کہتے تھے یہ مردوں کی جنگیں ہیں بات عورتوں تک نہیں آئے گی بیٹیاں بہنیں سانجھی ہوتی۔ ارشد اس ملک میں ایسا نہیں ہوتا دیکھو بیوگی میں بھی میرے سر سے چادر کھینچ رہے ہیں کیا یہ اسلامی ملک ہے؟“۔

جواب میں مسرت احمد زیب نے جویریہ کو ’عورت کارڈ‘ نہ کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بیوہ ہوئے 34 سال گزر چکے ہیں لیکن آج تک اس ملک میں کسی نے انہیں ٹیڑھی نظر سے نہیں دیکھا بلکہ ہرجگہ عزت پائی۔

اس ٹویٹ پرردعمل میں جویریہ نے سوال اٹھایا کہ ، ’آپ کون ہیں؟ اتنی عمررسیدہ ہیں لیکن پھربھی اخلاقیات سے عاری ہیں‘۔

ان کے فالوورز نے بھی تبصروں میں مسرت احمد زیب کو ایسے الفاظ کے استعمال پرتنقید کا نشانہ بنایا۔

جون 2013ء سے مئی 2018ء تک مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی ایم این اے رہنے والی مسرت احمد سوات کے ولی میاں گل جہان زیب کے بیٹے میاں گل احمد زیب کی بیوہ ہیں۔

مسرت احمد زیب نے پی ٹی آئی کے بعد کچھ عرصہ ن لیگ جوائن کی اور آج کل عوامی نیشنل پارٹی سے وابستہ ہیں۔

واضح رہے کہ ارشد شریف کو 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینیائی پولیس نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، اس قتل کے محرکات تاحال سامنے نہیں آسکی، معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔

کیس کی تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کینیا کے کئی دورے کرچکی ہے۔

pti

arshad sharif

Javeria Siddique

cyber crime

Mussarat Ahmadzeb