Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’جو کہتا تھا 300 ڈیم بناؤں گا قوم کو ڈیم فول بنا گیا‘

چوری آپ نے کی ہے جیلیں بھی آپ بھریں، مریم نواز
شائع 09 فروری 2023 04:58pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائیزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ امیر مقام نے نواز شریف کو کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں بڑے جلسے منعقد کرنا چاہتےہیں، اس لئے میں خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں جاؤں گی۔

ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو وسائل اور فنڈز کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے۔

جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے ہر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہے، میری آنکھیں ترس گئیں کہ پختونخوا میں عمران خان کا کوئی منصوبہ دیکھوں، لے دے کر پختونخوا کے پاس دکھانے کیلئے ہزارہ موٹروے ہے اور اس پر بھی نواز شریف کا نام لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے درخت کہیں نظر نہیں آتے، لگتا ہے درختوں نے سلیمانی ٹوپیاں پہنی ہوئی ہیں، ان کے اپنے لوگ الٹا درخت کاٹ کر بیچ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جو کہتا تھا 300 ڈیم بناؤں گا قوم کو ڈیم فول بنا کر چلا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پشاور دھماکے کا قصوروار وہ ہے، جو 10 سال صوبے پر حکومت کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے نواز اور شہباز شریف کی نقل میں ایک منصوبہ بنایا وہ تھا پشاور بی آر ٹی، اور اس کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے ”چلتی کم جلتی زیادہ ہے“۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اسی قیمت میں چار میٹرو بسیں بنا دیں جس میں یہ ایک نہ بنا سکا۔

ن لیگ کی چیف آرگنائیزر نے کہا کہ موازنہ 2022 سے 2023 کا نہیں ہوگا، موازنہ ہوگا تو شہباز شریف کے پنجاب میں دس سال اور عمران خان کے پختونخوا میں دس سال کا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بڑی تکلیف ہوتی ہے، میں اس شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی لیکن لوگوں کو بتانا پڑتا ہے کہ اس نے کیا کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ شاہ محمود قریشی صاحب کل ٹی وی پر فرما رہے تھے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، اعتراف جرم کرنے بہت بہت کا شکریہ، لیکن یہ بھی بتا دیتے کہ انہیں نکالا کس نے۔ نواز شریف کو نکالنے والے گروہ کا سرغنہ تو آپ کی جماعت کا سربراہ ہے، اس کا نام ہے عمران خان۔

انہوں نے کہا کہ صرف اعتراف جرم کافی نہیں، اپنے لیے سزا بھی تجویز کرو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ پر پلاسٹر ہے لیکن جلسوں کیلئے پنڈی چلے جاتے ہیں۔ اگر تم نے توشہ خانہ میں چوری نہیں کی، ٹیرین وائٹ کیس میں بے قصور ہو تو وہیل چئیر پر بیٹھ کر بھی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر نواز شریف کی طرح عدالت میں پیش ہوتے۔

اس دوران شرکاء نے ”ٹیرین کے پاپا چور ہیں“ کے نعرے بھی لگائے۔

مریم نواز نے کہا کہ کہتے ہیں کارکنان گرفتاریاں دیں، چوری آپ نے کی ہے جیلیں بھی آپ بھریں، شروعات فرح گوگی سے کریں جسے چارٹر جہاز میں باہر بھیج دیا۔

Maryam Nawaz

imran khan

workers convention

Abottabad