Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد

جوڈیشل مجسٹریٹ نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ سنایا
اپ ڈیٹ 07 فروری 2023 03:39pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرازق ،انتظار پنجوتھہ، تفتیشی افسر انسپکٹر عاشق اور مدعی مقدمہ کے وکیل سلمان منیرعدالت میں پیش ہوئے۔

شیخ رشید کے وکلاء کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

جج نے شیخ رشید کے وکیل سے استفسار کیا آپ کے مطابق شیخ رشید عمران خان کے قتل کی سازش کاحصہ نہیں؟۔

جس پر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ شیخ رشید نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ عمران خان جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں، شیخ رشید کا بیان نشر ہونے سے 2 روز قبل ہی مقدمہ درج ہوگیا تھا ،پولیس کے نوٹس شیخ رشید کو موصول نہیں ہوئے بلکہ ٹی وی پر نشر ہوئے، اگلے دن ہائیکورٹ سے نوٹس معطل ہوئے تو ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی ریاست کے افسر نے شیخ رشید کے خلاف کمپلینٹ نہیں دی، ایک عام شہری نے الزام لگایا جو پیپلز پارٹی کا ورکر ہے، شیخ رشید پر مقدمہ صرف سیاسی انتقام لینے کے لئے درج کیا گیا، شیخ رشید کی دو بلٹ پروف گاڑیاں بھی پولیس ساتھ لے گئی۔

شیخ رشید کے دوسرے وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ آصف علی زرداری یا ان کے اہل خانہ میں سے کسی نے شیخ رشید کیس میں بیان نہیں دیا، ضمانت منظور کی جائے۔

پراسیکوٹر عدنان نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید دورانِ حراست اپنے جملوں سے بار بار مقدمے میں لگی دفعات کے مرتکب ہوتے رہے، شیخ رشید 2 بڑے سیاسی گروپوں کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں، بیان سے سوسائٹی میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے۔

مدعی وکیل سلمان منیر نے مؤقف اپنایا کہ ضمانت ملنے پر شیخ رشید شہریوں میں اشتعال پھیلائیں گے، جو بندہ حراست کے دوران بھی بیانات سے باز نہیں آرہا وہ باہر آکے کیسے رک سکتا ہے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعد میں سنا دیا گیا۔

عدالت نے شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سرابراہ شیخ رشید اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں ہیں۔

شیخ رشید راہداری ریمانڈ، عدالت نے مری پولیس کی درخواست دوبارہ واپس کردی

دوسری جانب مری پولیس سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کے لئے دوبارہ اسلام آباد کچہری پہنچ گئی لیکن عدالت نے درخواست مری پولیس کو واپس کردی۔**

مری پولیس جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں شیخ رشید کی طلبی کی درخواست لے کر پہنچی۔

عدالت نے درخواست مری پولیس کوواپس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پروسیس فالو کریں پھر میرے پاس آئیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کا کہنا تھا کہ سیشن جج کے پاس پہلے درخواست جائے گی، سیشن جج مجھے مارک کریں گے پھر سماعت ہوگی۔

islamabad local court

sheikh Rasheed arrested

Murree Police