Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہ رخ خان نے ننھی بچی کو ”پٹھان“ پسند نہ آنے کی وجہ بتا دی

ہم چھوٹے ناظرین کو مایوس کرنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے، شاہ رخ خان
شائع 06 فروری 2023 05:57pm

شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ”پٹھان“ تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ شاہ رخ خان آخری بار ”زیرو“ میں نظر آئے تھے اور اب انہوں نے پٹھان کے ساتھ انڈسٹری میں شاندار واپسی کی ہے۔

اگرچہ دنیا بھر میں فلم بین پٹھان کو پسند کر رہے ہیں، لیکن یہ فلم ایک چھوٹی بچی کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔

ابھیشیک کمار نامی ایک ٹوئٹر صارف نے ایک بچی کی ویڈیو شیئر کی جسے دیکھنے کے بعد شاہ رخ خان بھی جواب دئے بنا نہ رہ پائے۔

ویڈیو میں ایک شخص بچی سے پوچھتا ہے کہ ’وہ کون سی فلم دیکھنے گئی تھی‘، جس کے جواب میں ننھی بچی نے جواب دیا ’پٹھان‘۔

اس شخص نے پوچھا کہ اسے فلم پسند آئی یا نہیں تو بچی نے جواب دیا کہ ”نہیں“۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے صارف نے ’اوپس‘ لکھا، اور شاہ رخ خان کو ٹیگ بھی کیا۔

جیسے ہی ویڈیو آن لائن وائرل ہوئی اس نے شاہ رخ خان کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

شاہ رخ خان نے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ شاید انہیں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہ رخ خان نے لکھا، ”اوہ اوہ!! اب مجھے مزید محنت کرنی ہوگی۔ یہ دوبارہ شروع کرنے کا وقت ہے۔ ہم چھوٹے ناظرین کو مایوس کرنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ دیش کے نوجوانوں کا سوال ہے۔ براہ کرم بچی کو DDLJ دکھائیں، شاید وہ رومانٹک قسم کی ہو،آپ بچوں کو کبھی سمجھ نہیں سکتے۔“

دریں اثنا، شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، کیونکہ اس نے دنیا بھر میں 729 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔

فلم میں کنگ خان کے علاوہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی مرکزی کردار میں ہیں۔

بڑھتے نمبر کے ساتھ یہ فلم چاروں بڑی غیر ملکی مارکیٹوں میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ اس کے علاوہ پٹھان نے ہندوستان میں عامر خان کی دنگل کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

یہ فلم ایک جاسوسی تھرلر ہے اور اس میں شاہ رخ خان کے ایک بھارتی خفیہ ایجنٹ کے کردار پر فوکس کیا گیا ہے، جو ہندوستانی دارالحکومت پر دہشت گردہ حملے کو روکنے کے لیے دوبارہ نمودار ہوتا ہے۔

Shahrukh Khan

Pathaan