Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی پولیس کو شیخ رشید سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی ہدایت

شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا ایک بار پھرمسترد کردی گئی
اپ ڈیٹ 06 فروری 2023 02:00pm

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شیخ رشید کی راہداری ریمانڈ کی استدعا ایک بار پھرمسترد کردی ،کراچی پولیس کو شیخ رشید سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

درخواست ضمانت پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی۔

شیخ رشید کے خلاف کراچی میں درج مقدمے کے معاملے میں کراچی پولیس کے تفتیشی اورلاء افسرعدالت میں پیش ہوئے اور شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی ۔

عدالت نے راہداری ریمانڈ کومسترد کرتے ہوئے شیخ رشید سے جیل کے اندرہی تفتیش کی اجازت دے دی۔

لاء افسرکی جانب سے تفتیش کیلئے دورانیہ پوچھے6 جانے پر جسٹس عمر شبیرنے ریمارکس دیے کہ آپ لاء افسر ہیں آپ کو قانونی نکات کا علم ہونا چاہیے۔

شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت

راہداری ریمانڈ کی استدعا پر سماعت کے بعد 12 بجے شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے مدعی وکیل کی استدعا پر شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری کے معاملے میں سماعت ایک روز کی مہلت دیتے ہوئے کل تک ملتوی کردی۔

شیخ رشید کی درخواست ضمانت کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی۔

مدعی وکیل کی جانب سے دو روز کیلئےسماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ تفتیشی افسر ہائیکورٹ گیا تھا، ریکارڈ لے کر کچہری نہیں آیا۔

پراسیکیوٹر کی استدعا پر جج نے ریمارکس دیے کہ دو روز تو نہیں لیکن ایک دن کا وقت دے دیتا ہوں۔

عدالت نے شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

شیخ رشید سے لیگل ٹیم اور اہلخانہ کی ملاقات کی درخواست پرسماعت میں فی الحال وقفہ کردیا گیا ہے۔

Sheikh Rasheed

sheikh Rasheed arrested