Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
10 Rajab 1446  

’بیٹا جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا‘

25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے کیلئے آنا تھا، پھر تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہئیے، رانا ثناءاللہ
شائع 05 فروری 2023 05:43pm

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے بیٹا تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا۔

ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ یہ جو پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ ن لیگ الیکشن سے گھبرا رہی تو ایک بات واضح کردوں کہ ”ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔“ ہم الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے پنجاب میں اپنی حکومت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1999 میں پوری دنیا کے رسائل میں یہ لکھا گیا ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشئین ٹائگر بننے جارہا ہے۔ نوے کی دہائی میں پوری دنیا سے وفود یہ دیکھنے آتے تھے کہ کس طرح سے پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری دنیا اور امریکہ بہادر ایک طرف تھا، وزیراعظم کو دھمکیاں دی جارہی تھیں کہ خبردار اگر تم نے ایٹمی دھماکا کیا، اگر ہندوستان نے ایٹمی دھماکا کیا بھی ہے تو پاکستان ایٹمی دھماکا نہیں کرسکتا، کیونکہ دنیا کو یہ بات منظور نہیں کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی قوت ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تمام دھمکیوں کے باوجود اس وقت کے وزیراعظم نے ملک کی خاطر، قوم کی خاطر، پوری امت مسلہ کی خاطر انڈیا کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان اگر آج اپنے پورے قد سے کھڑا ہے تو میاں نواز شریف کے اس فیصلے کی وجہ سے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب نواز شریف کو دوبارہ حکومت ملی تو پاکستان جسے دنیا ایشین ٹائگر سمجھتی تھی کہنے لگی کہ ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے، دہشتگردی سوات میں اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ کہا جانے لگا اگلا قدم اب اسلام آباد ہے۔

رانا ثناء اللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاڈلے نے 2014 سے آج تک لانگ مارچ اور دھرنوں کے سوا کچھ نہیں کیا اور ”اب یہ کہہ رہا ہے میں نے جیل بھرو تحریک شروع کرنی ہے، بیٹا تم جیل بھرو تحریک شروع کرو تمہارا علاج میں کروں گا۔“

انہوں نے مزید کہا کہ ”25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے کیلئے آنا تھا، پھر تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہئیے۔“

ان کا کہنا تھا کہ تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہیں انہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں تم نے ہمیں رکھا تھا، ہم تمہیں جیلوں میں ہر چیز مہیا کریں گے کھانے پینے کی، لیکن ایک چیز مہیا نہیں کریں گے اس کے بغیر تمہیں گزارا کرنا ہوگا۔

imran khan

Rana Sanaullah

Jail Bharo Tehreek