Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایشیا کپ پاکستان میں ہوگا یا نہیں؟ اے سی سی اجلاس میں تاحال فیصلہ نہ ہوسکا

حکومتی اجازت کے بغیر اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے، جے شاہ
شائع 04 فروری 2023 10:51pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے کرکٹ ایشیا کپ 2023 کے وینیو پر حتمی فیصلہ نہ ہوسکا جس کے تحت ایشین کرکٹ کونسل اجلاس کے شرکاء نے معاملے پر حتمی فیصلہ مارچ تک مؤخر کردیا ہے۔

بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے پاکستان کے ایونٹ کی میزبانی سے دستبردار ہونے سے انکار کیا جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ بھی اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہا۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) جے شاہ کا کہنا تھا کہ حکومتی اجازت کے بغیر اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے۔

اے سی سی اجلاس میں شرکا نے اتفاق کیا کہ ایشیا کپ کے وینیو پر مارچ میں کوئی فیصلہ کیا جائے اور اس وقت تک دونوں بورڈز اس معاملہ پر اپنی حکومتوں کا مؤقف بھی حاصل کرلیں۔

اگر انڈین بورڈ کا مؤقف تبدیل نہ ہوا تو ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوسکتا ہے جس کے لئے یو اے ای اور قطر کے نام پر زیر غور ہیں۔

اے سی سی کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے آئندہ ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے تعمیری بات چیت کی۔ بورڈ نے ٹورنامنٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنز، ٹائم لائنز اور دیگر تفصیلات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ایونٹ کی مزیبانی کا فیصلہ مارچ میں ہونے والے اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے اگلے اجلاس میں ہو جائے گا۔

PCB

Bahrain

BCCI

Asia cup

ACC

ASIA CUP 2023