Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شیخ رشید کو تاحال عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیا

سربراہ عوامی مسلم لیگ کے بھتیجے نے نیا دعویٰ کردیا
شائع 04 فروری 2023 01:38pm

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج پھرعدالت میں پیش کیا جانا تھاجو تاحال ممکن نہ ہوسکا، شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں موجود ہی نہیں ہیں۔

آج نیوزکے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے راشد شفیق نےدعویٰ کیا کہ شیخ رشید اسلام آباد میں موجودنہیں ہیں اورگزشتہ رات لیگل ٹیم اور ان سے تھانہ سیکریٹریٹ میں کروائی جانے والی ملاقات انہیں کسی اورجگہ سے وہاں لا کرکروائی گئی تھی۔

راشد شفیق کا مزید کہنا تھا کہ کسی اورمقام پرآنکھوں میں پٹیاں باندھ کرلےجاتے ہیں ۔

شیخ رشید کیخلاف آصف زرداری پرعمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج ہےاور اسلام آباد پولیس نے آج صبح شیخ رشید کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کرنا تھا۔

کراچی اور مری پولیس بھی ایف ایٹ کچہری میں موجود

سابق وزیر داخلہ کے خلاف گزشتہ روز کراچی میں موچکو تھانے میں بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس ٹیم انہیں گرفتارکرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ چکی ہے، شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسری جانب مری پولیس بھی عدالت پہنچی ہوئی ہے،اہلکار نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ راہداری ریمانڈ پر شیخ رشید کو مری لے جانے درخواست کریں گے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ پرآج حب میں بھی پی پی کارکن کی درخواست پرمقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شہری نے اپنی درخواست میں کہا کہ سابق وزیرداخلہ نے بلاول بھٹواور آصف زرداری کےخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ وہ امن وامان خراب کرنےکی سازش کررہے ہیں۔ ان کے نازیبا الفاظ سےپیپلزپارٹی اور عوام میں اشتعال پھیلا۔

کراچی پولیس کے بعد مری پولیس بھی شیخ رشید کی گرفتاری کیلئے پہنچ گئی

واضح رہے کہ گزشتہ رات سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے تھانہ سیکرٹریٹ میں لیگل ٹیم نے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد شیخ رشید احمد کے وکیل نعیم ایڈوکیٹ نے کہا کہ شیخ رشید نے کہا کہ میری طرف سے تمام میڈیا کو آگاہ کر دیں کہ کراچی پولیس مجھے گرفتار کرنے اسلام آباد آئی ہے۔

وکیل کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پانچ لوگ مروانا چاہتے ہیں جن میں آصف زرداری، نواز شریف، شہباز شریف ، رانا ثناءاللہ اور بلاول بھٹو شامل ہیں۔

Sheikh Rasheed

FIR

sheikh Rasheed arrested