Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، فوجی قیادت

دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، آرمی چیف
شائع 31 جنوری 2023 08:23pm
کور کمانڈرز کانفرنس۔ فوٹو — آئی ایس پی آر
کور کمانڈرز کانفرنس۔ فوٹو — آئی ایس پی آر

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں سکیورٹی صورتحال اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیس آپریشن جاری ہیں، آپریشن میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق اجلاس میں شرکاء نے شہداء پشاور کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کو مثالی سزا دی جائے گی۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات قوم کے عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی دہشت گرد گروپ کو پنپنے نہیں دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لئے عظم کو تقویت ملتی ہے، لہٰذا تمام کمانڈرز انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہمیں آپریشن ضرب عضب جیسا اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، نیشنل سکیورٹی کمیٹی آپریشن ضرب عضب جیسے آپریشن کا فیصلہ کرے گی، این ایس سی ہی ایسے فیصلے لینے کا مجاز فورم ہے، امید ہےاسی طرح کا کوئی قدم وزیراعظم اٹھائیں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز واقعہ سانحہ اے پی ایس سے کم نہیں، سانحہ اے پی ایس پر بھی تمام سیاستدان اکٹھے ہوئے تھے، لہٰذا اختلافات کے باوجود اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

ISPR

peshawar blast

Corps Commander Conference

Army Chief General Asim Munir

Line of control (LOC)