Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

عدالت نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
شائع 30 جنوری 2023 04:10pm

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد حسین چوہدری کو مزید جسمانی ریمانڈ میں دئے جانے کی استدعا مسترد کردی۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں فواد چوہدری کو ساڑھے 11 بجے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کیا تھا۔

فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان، فیصل چوہدری اور فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری عدالت پہنچے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما خرم نواز اور سینیٹر شہزاد وسیم بھی عدالت میں نظر آئے۔

سماعت شروع ہونے پر بابر اعوان نے جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت اگر تھوڑی جلدی کر دیں، جس پر جج نے کہا کہ فواد چوہدری کیس کے لئے ساڑھے 11 بجے کا وقت رکھ لیتے ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کو ساڑھے 11 بجے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ فواد چوہدری کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پیش کریں۔

فواد چوہدری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

pti

Physical remand

islamabad local court

Fawad Chaudhry arrested