Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد چوہدری کو فرانزک لیب لے جانے والی پولیس وین کارکنوں کو جل دے گئی

فواد کے گھر کی تلاشی کے امکان پر کارکن جمع تھے
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2023 08:21am

اسلام آباد پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد حسین چوہدری کو پولی گرافک ٹیست کیلئے لے جانے والی پولیس وین پی ٹی آئی کارکنوں کو جل دے کر واپس اسلام آباد پہنچ گئی۔ وین کئی گھنٹے لاپتہ رہنے پر پارٹی کارکن مخمصے کا شکار رہے۔

فواد چوہدری کو فرانزک لیب لاہور پہنچایا گیا، جہاں ان کا پولی گرافی ٹیسٹ کیا جانا تھا۔ انہیں وہاں چند منٹ ہی رکھا گیا ، اس کے بعد پولیس انہیں واپس لے کر روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس فواد چوہدری کو ان کی رہائش گاہ لے کر جا رہی ہے اور ان کے گھر کی تلاشی لئے جانے کا امکان ہے۔

تاہم کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس فواد چوہدری سمیت لاپتہ رہی۔

سرچ آپریشن کے پیش نظر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد فواد چوہدری کے گھر پر جمع تھی۔

گرفتار پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ حبا چوہدری کا کہنا ہے کہ تلاشی کیلئے پولیس کو سرچ وارںٹ اور خواتین پولیس اہلکار لانے ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کے مطابق پولیس نے رات کو فواد چوہدری کو گاڑی میں بیٹھایا اور کہا آپ کو گھر لے کر جانا ہے۔ پھر کہا کہ آپ کو فرانزک لیب لے کر جانا ہے۔ اب فواد چوہدری کو لاہور فرانزک لیب لانے کی بجائے سیالکوٹ سے واپس اسلام آباد لے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی یہ سب کیوں کیا جارہے۔

Fawad Chaudhary

islamabad police

Search Operation