Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

زرداری نے مجھے مروانے کیلئے تنظیم کو پیسا دیا، طاقتور ایجنسیز کے لوگ سہولتکار ہیں، عمران خان

معیشت کے ساتھ ادارے بھی تباہ ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین
اپ ڈیٹ 27 جنوری 2023 08:11pm
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — آکرین گریب
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — آکرین گریب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بھی شیخ رشید کے بعد سابق صدر آصف زرداری پر ایک تنظیم اور ایجنسی کے لوگوں کی مدد سے خود پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کردیا۔

لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے معلوم تھا یہ حکومت نہیں سنبھال سکیں گے، شوکت ترین نے بھی انہیں سمجھانے کی کوشش کی تھی، ہم بہت مشکل سے معیشت سنبھال کر بیٹھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں توانائی کا بحران پیدا ہو رہا تھا، کورونا کے بعد سپلائی چین متاثر ہوا، سپلائی متاثر ہونے پر توانائی مہنگی ہوئی، تیل کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، عوام کو مہنگائی سے بچانا بڑا چیلنج تھا۔

ملکی معاشی صورتحال پر عمران خان نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا سازش کامیاب ہوئی تو معیشت نہیں سنبھلے گی، اب خوفناک پاکستان کی تصویر سامنے آ رہی ہے، دو دن میں ڈالر کی قیمت میں 33 روپے اضافہ ہوا، رجیم چینج کے وقت 16.4 ارب ڈالر کے ذخائر تھے جو آج 3.6 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، روپے کی قدر کم ہونے سے صرف عوام کو نقصان ہوگا جب کہ جن کا پیسا باہر پڑا ہے ان کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا کی لیڈرشپ کا پیسا باہر ہو اس کو ووٹ نہ دیں۔

پاکستان کا گروتھ ریٹ صفر سے بھی نیچے چلے جائے گا

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے پیٹرول، ڈیزل مہنگا ہوگا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے کا اضافہ ہونے والا ہے جب کہ بجلی کی قیمت میں 8 روپے،گیس 74 فیصد مہنگی ہوگی، ہماری حکومت میں گروتھ ریٹ 6 فیصد تھا جو صفر سے بھی نیچے چلے جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے حکومت گرا کر بڑی غلطی کی، غلطی درست کرنے کا طریقہ عام انتخابات تھے، یہ پاکستان کی جمہوریت تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ملک میں خوف و ہراس پھیلایاجا رہا ہے۔

معیشت کے ساتھ ادارے بھی تباہ ہو رہے ہیں

عمران خان نے کہا کہ آپ ملک کو وہاں لے جا رہے ہیں سب کچھ ہاتھوں سے نکل جائے گا، معیشت کے ساتھ ادارے بھی تباہ ہو رہے ہیں، شہباز شریف کی چوری چھپانے کے لئے ایف آئی اے بھی تباہ کردی، آئی ایم ایف نے سری لنکا کو 50 فیصد فوج کم کرنے جب کہ مصر کو ان کی فوج کے اخراجات کم کرنےکا کہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ پر حملے کی جےآئی ٹی کو بند کردیا گیا، اینٹی کرپشن کے افسر نے جے آئی ٹی کا ریکارڈ سیل کردیا، جے آئی ٹی کے تفتیشی افسر کو بھی تبدیل کردیا گیا، آپ کو تحقیقات سے خوف کیا ہے؟ حکومت ہٹائی گئی تو پتا چلا مجھے قتل کرنےکا پلان ہے، میں نے حملہ کرانے والے 4 افراد کے نام ویڈیو بیان میں ریکارڈ کرائے۔

عمران خان نے خود پر ایک اور حملے کا دعویٰ کیا کہ مجھے مارنے کے لئے دو پلان بنائے گئے جو ناکام ہوئے اور اب تیسرا پلان بنایا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہے، زرداری نے دہشتگرد تنظیم میں پیسا لگایا ہے اس میں سہولتکار طاقتور ایجنسیز کے لوگ ہیں، ان تینوں نے مل کر اگلی واردات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دو ہفتے بعد حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے نکلوں گا

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، میں الیکشن کے لئے نکلوں گا، دو ہفتے بعد حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے بھی نکلوں گا، اگر مجھے کچھ ہوا تو قوم کو معلوم ہونا چاہئے کہ مجھ پر حملے کے پیچھے کون ہے۔

عدلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو آپ سے امیدیں لگی ہوئی ہیں، ہم سب آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، اگر آپ ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کریں گے تو ملک بنانا ری پبلک بنتا چلا جائے گا، ایسے لوگوں کو نگراں سیٹ اپ پر بیٹھانا آئین اور ہماری قوم کی توہین ہے، 90 دن میں الیکشن نہ ہوئے تو آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

PDM

Shehbaz Sharif

FIA

Asif Ali Zardari

imran khan

Care Taker CM Punjab

Economic Crises