Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان

تمام 33 حلقوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے
شائع 27 جنوری 2023 03:10pm
تصویر: اے پی پی
تصویر: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 33نشستوں پر ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی الیکشن 16مارچ کو ہوگا۔

جاری شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 6 سے 8 فروری تک جمع کراسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری کو ہوگی، الیکشن کمیشن 33 حلقوں میں امیدواروں کو انتخابی نشانات 23 فروری کو جاری کرے گا۔

جاری شیڈول کے مطابق کراچی کے 9 حلقوں پر انتخابات 16 مارچ کو ہوں گے، راولپنڈی کے 5 قومی اسمبلی کے حلقوں جبکہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کو ہوں گے۔

لاہور اورملتان کے 2،2 حلقوں پر انتخابات ہوں گے جبکہ خیبرپختونخوا کے قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق بلوچستان کے ایک حلقے این اے 265 کوئٹہ میں 16 مارچ کو الیکشن ہوگا، اس کے علاوہ جہلم، بھکر اور ڈی جی خان کی ایک ایک نشست پر بھی 16 مارچ کو پولنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ان 33 حلقوں سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس کے نتیجے میں نشستیں خالی ہوئی ہیں۔

تمام 33 حلقوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے، حسان خاور

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما حسان خاور نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی انتخابات کے لئے تیار ہے، ہم انتخابات میں حصہ لے کر جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد ہم اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے، پلان کے مطابق عمران خان تمام حلقوں پر کھڑے ہوں گے، تمام 33 حلقوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے۔

ECP

اسلام آباد

National Assembly

by election